نئی دہلی، 26مئی (یو این آئی) ملک میں خواہ کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے لیکن سب سے مثبت یہ ہے کہ کورونا سے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد میں زبردست اضافہ بھی ہورہا ہے اور دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں ہمارے ملک میں اموات کی شرح بہت ہی کم ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا متاثرین کے 6535 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1,45,380پر پہنچ گئی ہے۔
اسی مدت میں اس بیماری سے 2770 لوگ آزاد ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہوئے لوگوں کی تعداد 60,490 ہوگئی ہے۔ اس وقت کورونا کے فعال معاملات کی تعداد 80722 ہے اور کورونا کے معاملات کے دو گنا ہونے کی شرح 13.2 فیصد ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان لوا گروال نے منگل کویہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح مارچ میں 7.1 فیصد تھی اور دوسرے لاک ڈاون کے وقت یہ 11.42 فیصد ہوگئی جبکہ تیسرے لاک ڈاون کے وقت یہ 26.69 اور چوتھے لاک ڈاون کے بعد اب یہ 41.61 فیصد ہوگئی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک کی اوسط اموات شرح 6.45 فیصد کے مقابلہ میں ہندستان میں اموات کی شرح بہت کم ہے اور پہلے یہ 3.3فیصد (15اپریل تک) تھی جو ا ب مزید کم ہوکر 2.87فیصد ہوگئی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک میں جہاں فی لاکھ کووڈ مریضوں کی شرح 69.9 ہے وہیں ہندستان میں یہ 10.7 فی لاکھ ہے۔ دنیا میں فی لاکھ ہونے والی اموات 4.5ہیں جبکہ ہندستان میں یہ 0.3 اموات فی لاکھ آبادی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ہماری مکمل توجہ معاملات کے بڑھنے پر نہیں ہونی چاہئے بلکہ لوگوں کی زندگی بچانے پر ہونی چاہئے کیونکہ یہ ایک وبائی مرض ہے اور جب تک اس کی کوئی موثر دوا یا ویکسین نہیں بن جاتی ہے تب تک سماجی دوری، ذاتی صفائی ستھرائی اور دیگر احتیاط کو اختیار کرنا ضروری ہے۔