نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 7964 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں اور 265 افراد کی اس بیماری سے موت ہوئی ہے لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ اس مدت میں صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے اور 11،264 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے ہفتہ کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1،73،763 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4971 افراد کی موت پوچکی ہے۔
ملک میں 82،370 لوگ اس بیماری سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اب یہاں کورونا وائرس انفیکشن کے 86 ہزار 422فعال معاملے ہیں۔
اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہوا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2682 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 116 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد بڑھ کر 62 ہزار 228اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2098 ہو گئی ہے۔
اس دوران ریاست میں ریکارڈ 8381 لوگ شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی کل تعداد 26997 ہو گئی ہے۔