کوشامبی : ضلع مجسٹریٹ اورپولیس کپتان کوشامبی نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کے قوانین پرعمل کرانے اور بندوبست کا جائزہ لینے کیلئے یومیہ کئے جارہے دورے کے سلسلہ میں آج ۳۱؍مئی کو ضلع کے تھانہ منجھن پور کے تحت پی ایچ سی اور ضلع جیل کامعائنہ کرکے بندوبست کاجائزہ لیا۔پی ایچ سی میں صفائی اور بندوبست کاجائزہ لیاگیا،
کام کرنے والے ملازمین کو ضروری ہدایات دی گئیں،ساتھ ہی ضلع جیل کے معائنہ کے دوران قیدیوںکی رہائشی بیرکوں، صفائی اور قیدیوںکے درمیان سماجی دوری ودیگر بندوبست کا جائزہ لیاگیا۔اس دوران سبھی لوگوںکو ماسک لازمی طور سے استعمال کرنے اور سماجی دوری پرعمل کرتے ہوئے کام کرتے رہنے کیلئے ہدایت دی گئیں۔
دورہ کے دوران ضلع کے اہم مقامات وچوراہوں پرلاک ڈاؤن پرعمل کرانے میں لگے پولیس ملازمین کواحتیاط اور سرگرمی سے اپنے فرائض پرعمل کرنے کیلئے ضروری ہدایات دی گئیں۔ایس پی کوشامبی کی ہدایت کے مطابق کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے قرنطینہ پر۱۰۰فیصدعمل کرائے جانے کیلئے ضلع کے سبھی تھانہ انچارجوں کے ذریعہ اپنے اپنے تھانہ علاقہ کے مواضعات کی نگرانی کمیٹی کے اراکین کے ساتھ مواضعات میں جاکر مذاکرہ کیاگیا۔ لاک ڈاؤن کے سبب کثیر تعدادمیںمزدوراور باہر کام کرنے والے لوگوںکی ضلع میں آمد ہوئی تھی جنہیں مقررہ مدت میں قرنطینہ پر عمل کرانے کیلئے گھروں میں قرنطینہ پررکھاگیا ہے ،جن کی نگرانی کیلئے گاؤں سطح پرنگرانی کمیٹی تشکیل کی گئی تھی جن کے ذریعہ ہوم قرنطینہ کئے گئے لوگوںکی نگرانی کی جاتی ہے،ساتھ ہی وقتاًفوقتاًمتعلقہ پولیس اور اعلیٰ افسران کے ذریعہ دورہ کرکے ہوم قرنطینہ پرعمل کرایاجارہاہے۔جس بارے میں آج سبھی تھانہ علاقوںمیں مذاکرہ کرکے نگرانی کمیٹی کے اراکین سے ان کے مسائل اور تجاویز کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی اور ضروری ہدایات سے واقف کرایا گیا۔موجودہ وقت میں کوروناوائرس وبا کو روکنے اور لاک ڈاؤن کے مدنظر ہدایات پرعمل کرایاجارہاہے۔