لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ایک بیمہ کمپنی سے معاوضہ کے سلسلہ میں سیتاپور کے رہنے والے ایک پرائیویٹ ادارہ کا معذور منتظم کافی عرصہ سے قانونی لڑائی لڑ رہا ہے۔ وہ اس سلسلہ میں وبھوتی کھنڈ میں واقع ریاستی صارفین فورم آیا تھا۔ معاوضہ کی رقم دینے میں رخنہ اندازی کرنے والی بیمہ کمپنی سے پریشان ہوکر معذور نے خود کو ریاستی صارفین فورم میںچاقومار لیا۔ پیٹ میں چاقو لگنے سے زخمی کو علاج کیلئے رام منوہر لوہیا اسپتال سے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیااس کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ صارفین فورم میں اس واقعہ سے افراتفری مچ گئی ہے۔
ایس او وبھوتی کھنڈ دویندر دوبے نے بتایا کہ سیتاپور کے محمود آباد کا رہنے والا ۴۳ سالہ وجے ورما کی وجے سوامی سماج سیوا کے نا م سے ایک تنظیم ہے۔ وجے نے بتایا کہ اس نے چند سال قبل بیمہ کمپنی سے بیمہ کرایا تھا۔ ۲۰۰۵ء میں محمود آباد میں ایک ٹرین سے ٹکرا گیا تھا۔ حادثہ میں اس کا ایک پیر خراب ہو گیا۔ اس نے بیمہ کمپنی سے معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ وجے کا الزام ہے کہ کمپنی نے معاوضہ دینے میں آنا کانی کی تو اس نے سیتاپور صارفین فورم میں مقدمہ درج کر دیا جہاں سے وہ مقدمہ جیت گیا۔ پھر بھی بیمہ کمپنی نے معاوضہ دینے میں آنا کانی کی۔ اس لئے وجے ورما کا مقدمہ پھر ریاستی صارفین فورم میں واپس آگیا۔ وجے اکثر مقدمہ کے سلسلہ میں دفتر کے چکر لگاتا تھا۔ اس کا الزام ہے کہ بیمہ کمپنی کے لوگ اس سے معاوضہ کے بدلے رشوت طلب کر رہے ہیں۔ آج جب وجے کورٹ نمبر تین میں اپنے مقدمہ کی تاریخ میں پہنچا تو بیمہ کمپنی کی تساہلی کے سبب اتنا پریشان ہوا کہ اس نے خود کشی کی ٹھان لی اور بغیر کچھ سوچے سمجھے اپنے پیٹ میںچاقومار لیا جس سے محکمہ میں افراتفری مچ گئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی کو رام منوہرلو ہیا اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا۔ زخمی وجے کے خاندان میں زوجہ سیما دیوی اور ایک لڑکا و ایک لڑکی ہے ۔