ممبئی ،3 جون (یواین آئی) طوفان نسرگ بدھ کے روز مہاراشٹر کے ساحل سے ٹکرا گیا، جس کی وجہ سے ممبئی اور ارد گرد کے علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹوں میں کہا گیا ہے طوفان کے زمین سے ٹکرانے کے عمل شروع ہو گیا ہے اور یہ اگلے تین گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا۔ شدید بارش کی وجہ سےشہر کے مضافاتی علاقے کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔
ریاست میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی 10 ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا، جبکہ مسلح افواج کو ایمرجنسی خدمات کے لئے تیار رکھا گیا ہے۔ موسمی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے گھریلو پروازوں کا آپریشن کم کر دیا گیا ہے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے نے اعلان کیا ہے کہ یہاں سے آج صرف 19 طیاروں کا آپریشن ہو گا ، جس میں 11 پروازیں یہاں سے روانہ ہوں گی۔
ائرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئر انڈیا، ایئر ایشیا، انڈیگو، گوائیر اور اسپائس جیٹ کے طیاروں کا آپریشن ہو گا، لیکن آخری وقت میں طیاروں کے آپریٹنگ کےا وقات میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ ممبئی میں امتناعی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور ممبئی پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں یقینی بنانے میں مصروف ہیں کہ کوئی بھی شخص سمندر کی طرف یا کھلے مقامات کی طرف نہیں جائے۔
طوفان کو دیکھتے ہوئے کچےگھروں میں رہنے والے تقریبا دو ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ نچلے علاقوں کے جھگی جھونپڑی میں رہنے والے تقریبا دو ہزار افراد کو انہیں محفوظ مقامات پر جانے کے لئے کہا گیا ہے۔