لکھنؤ : ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک پرکاش دوشنبہ کو بڑا امام باڑہ پہنچے۔ امام باڑہ کے داخلہ گیٹ سے لے کربھول بھلیا اور پورے کیمپس کا جائزہ لیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے کووڈ -۱۹ کے تحت مقررہ پروٹوکال کے مطابق سینیٹائزیشن کرانے کی ہدایت دی۔
انہوںنے کہاکہ امام باڑے میں کئی جگہوں پر کوڑا اور استعمال نہ ہونے والا سامان جمع ہے اسے فوراً ہٹایا جائے اور امام باڑہ میں داخلہ گیٹ، نوٹس بورڈوں وغیرہ کی مرمت کرانے کی ہدایت دی۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہاکہ امام باڑوں میںکھلی جگہوں پر ادویاتی پودے لگائے جائیں اور اگر نزدیک میںہی کوئی زمین خالی ہو تو میاواکی تکنیک پر مبنی شجرکاری کرائی جائے۔
ان کے ساتھ میونسپل کمشنر اندر منی ترپاٹھی، سٹی مجسٹریٹ سشیل پرتاپ سنگھ سمیت دیگر افسر موجود تھے۔
وہیں ڈی ایم نے نشاط گنج اور مہانگر علاقہ میںواقع کنٹینمنٹ زون جاکر انتظامات دیکھے۔ سب سے پہلے ضلع مجسٹریٹ نشاط گنج گلی نمبر پانچ کو دیکھنے پہنچے یہاں پر علاقے کی نشاندہی کرکے بیریکڈنگ لگی پائی گئی اور نزدیک کے بفر زون میں بھی لاک ڈاؤن پر عمل کرایا جارہا ہے ۔
مقامی لوگوں نے قریب کی بازار کے بند ہونے کے سبب ضروری اشیاء فراہم کرائے جانے کی اپیل کی۔ ضلع مجسٹریٹ نے اے ڈی ایم ٹرانس گومتی کو لاک ڈاؤن کے تحت بندوبست کے تحت سبھی ۶۸ کنبوںکو راشن کٹ فراہم کرائے جانے کی ہدایت دی تاکہ لوگوںکو پریشانی نہ ہو۔
انہوںنے تھانہ انچارج مہانگر کو علاقے میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کےبعد مہانگر علاقے میں بھی مونارک اپارٹمنٹ کو دیکھا۔ یہاں پر بیریکڈنگ لگاکر نشان زد علاقے کو سیل کیا گیا تھا۔
مقامی کارپوریٹر نے سیل کئے گئے علاقے کے آس پاس صفائی کے سلسلہ میں واقف کرایا۔ اس پر ڈی ایم نے میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پی پی ای کٹ دیکھ کر ہاٹ اسپاٹ کےاندر صفائی کرانے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی کنٹینمنٹ زون میں سیمپلنگ کو تیز کرنے کےلئے سی ایم او کو ہدایت دی۔