علی گڑھ : اعلیٰ تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کرنے والی مشہور بین الاقوامی ایجنسی ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ- ۲۰۲۰نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو فزیکل سائنسز کے زمرہ میں ہندوستانی یونیورسٹیوں میں دوسرا مقام عطا کیا ہے۔
مذکورہ رینکنگ میں اے ایم یو کے فزیکل سائنس کے شعبہ جات کو حوالہ جات کی کیٹگری میں ۵۰ء۷، اور ریسرچ کی کیٹگری میں ۱۱ء۷کا اسکور حاصل ہوا۔
مذکورہ دونوں کیٹگری میں سال ۲۰۱۹کے مقابلے اے ایم یو کے اسکور میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور وہ تدریس و تحقیق، حوالہ جات ،بین الاقوامی اشتراک اور علمی وتحقیقی اشاعتوں کے معاملے میں بنارس ہندو یونیورسٹی، جادو پور یونیورسٹی ، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور دہلی یونیورسٹی سے آگے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مذکورہ رینکنگ میں اے ایم یو کی فیکلٹی آف لائف سائنسز نے بھی ہندوستانی یونیورسٹیوں میں اوّل مقام حاصل کیا ہے۔
جو اے ایم یو کے صدی سال میں ایک گرانقدر حصولیابی ہے۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس حصولیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کی بہتر رینکنگ، ادارے کے معیار میں لگاتار بہتری آنے کا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا ’’اے ایم یو بین الاقوامی معیار کا تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہے اور تازہ رینکنگ کے لئے متعلقہ شعبوں کے ڈین، سربراہان، اساتذہ اور معاون عملے کے ساتھ ہی پوری اے ایم یو برادری مبارکباد کی مستحق ہے‘‘۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس سے ہمارا سر فخر سے اونچا ہوا ہے۔
اے ایم یو کی رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے اپنا ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس رینکنگ سے اس بات کا بھی ثبوت ملتا ہے کہ اے ایم یو میں اعلیٰ معیار کی ریسرچ ہوتی ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی ادارے کررہے ہیں۔