نئی دہلی، 12 جون (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صحت اور طویل عمری کی تمنا کی۔
مسٹر تومر کو جمعہ کے روز ان کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا ’’بی جے پی کے محنتی اور مشہور لیڈر اور مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی نریندر سنگھ تومر جی کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔ وہ کسانوں کی فلاح اور دیہی ترقی کے لئے مسلسل وقف جذبے سے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ ایشور انہیں صحت مند رکھے اور طویل العمری عطا کرے۔
مسٹر تومر کا آج 63 واں یوم پیدائش ہے۔ وہ 2019 میں ہوئے عام انتخابات میں مدھیہ پردیش کے مورینا پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ سال 2014 میں وہ گوالیار پارلیمانی حلقے سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔