نئی دہلی۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد واقع ہندوستانی ہائی کمیشن کے دو افسران پیر کی صبح سے لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسلام آباد میں یہ دونوں افسران پیر کی صبح دفتر کے کام سے نکلے تھے جس کے بعد ان کی کوئی خبر نہیں مل رہی ہے۔ دونوں کا موبائل فون بھی سوئچ آف بتا رہا ہے۔ ہندوستان نے پاکستانی حکام سے اس سلسلہ میں رابطہ کیا ہے۔
ذرائع سے ملی ابھی تک کی جانکاری کے مطابق، سی آئی ایس ایف کے دو ڈرائیور پیر کی صبح آٹھ بجے ڈیوٹی پر باہر گئے تھے لیکن وہ اپنے مقام تک نہیں پہنچے ہیں۔ اندیشہ جتایا جا رہا ہے کہ کہیں ان کا اغوا تو نہیں کر لیا گیا۔ پاکستانی حکومت کو ان کی گمشدگی کے بارے میں بتا دیا گیا ہے۔
کچھ دنوں پہلے ہی پاکستان میں سفارت کاروں کو پریشان کرنے کا معاملہ ہندوستان کی طرف سے اٹھایا گیا تھا۔ حال ہی میں ایک ویڈیو سامنے آیا تھا جس میں پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے جاسوس ہندوستانی سفارت کار گورو اہلووالیا کی گاڑی کا پیچھا کرتے دیکھے گئے ہیں۔ وہیں، کچھ لوگ اہلو والیا کے گھر کے باہر بھی دیکھے گئے تھے۔
ہندوستانی ہائی کمیشن کے حکام کو پریشان کرنے کی شکایتوں پر ہندوستان نے پاکستانی وزارت خارجہ کو نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ حکومت ہند نے پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے اپنے سفارت کاروں کو مناسب سیکورٹی دینے کی بات کہی تھی۔