اقوام متحدہ، 18 جون (اسپوتنک) ہندوستان، میکسکو، ناروے اور آئرلینڈ کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا عارضی رکن منتخب کیا گیا ہے۔ ان سبھی ممالک کو دو برس کی مدت کےلئے چنا گیا ہے جو کہ یکم جنوری 2021 سے شروع ہوگی۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر تیجنی محمد بانڈے نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ْ
محمد بانڈے نے کہا ’’جنرل اسمبلی میں موجود اور ووٹنگ کرنے والے ممبر ممالک کی جانب سے اکثریت ملنے کے بعد ہندوستان، میکسکو، ناروے اور آئرلینڈ کو دو برس کی مدت کار کےلئے سلامتی کونسل کا عارضی رکن منتخب کیا گیا ہے جو کہ یکم جنوری 2021 سے شروع ہوگی‘‘۔
اقوام متحدہ کے رکن ممالک جمعرات کو یکجا ہوں گے اور افریقی گروپ کے ممالک کی قیادت کرنے والی سیٹ کےلئے دوسرے دور کی ووٹنگ ہوگی۔ کینیا اور جبوتی دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
کناڈا سلامتی کونسل میں عارضی رکن بننے کی کوشش میں ناکام رہا۔
یکم جنوری 2021 کو بیلجیئم، جرمنی، انڈونیشیا، جنوبی افریقہ اور ڈومنک جمہوریہ کی سلامتی کونسل میں دو برس کی مدت ختم ہوجائے گی۔
سلامتی کونسل کے ہر ایک عارضی رکن کو دو تہائی ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے،۔ سلامتی کونسل کے نصف عارضی ارکان ہر برس دو برس کی مدت کار کے لئے منتخب کئے جاتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کل 15 ارکان ہوتے ہیں جن میں سے 10 عارضی جبکہ پانچ مستقل ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ سلامتی کونسل میں امریکہ، روس، برطانیہ، فرانس اور چین مستقل رکن ہیں۔