الریاض،23(یواین آئی)مملکت سعودی عرب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کورڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے رواں سال حج کی سعادت صرف سعودی عرب میں رہنے والے افراد حاصل کر سکیں گے۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حج کی سعادت صرف وہی لوگ حاصل کر سکیں گے جو اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں۔
رپورٹ میں سعودی وزارت صحت کی جانب سے حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی مسلمان بھی حج کر سکیں گے۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے رواں برس حج کے دوران حاجیوں کی تعداد کو محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تاہم یہ بھی بتایا گیا کہ رواں برس حج کے دوران حاجیوں اور منتظمین کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔