گریٹرنوئیڈا : قومی راجدھانی سے منسلک اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے سورجپور قصبے میں ایک شادی شدہ خاتون کی مشتبہ حالت میں چھت سے گر کر موت ہونے پر متاثرہ کے چچا نے تھانے میں جہیز قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔
جس کے بعد پولیس نے ملزم کے شوہر کنہیا کو گرفتار کرلیا ہے ۔متاثرہ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ سسرال والے شادی کے دوسرے دن سے پانچ لاکھ روپئے کا مطالبہ جہیز کے طور پر کررہے تھے ۔ مطالبہ نہ پورا ہونے پر انہوں نے بہو کے ساتھ مارپیٹ کیا اور پھر دوسری منزل سے دھکا دے کر اس کا قتل کردیا۔ڈی سی پی(خاتون جرائم)ورندا شکلا نے بتایا کہ پیر کو سورج پور قصبے میں رہنے والی سنگیتا(۲۷)کی چھت سے مشتبہ حالت میں گر گئی تھی۔حالت نازک ہونے پر انہیں گریٹر نوئیڈا کے شاردا اسپتال لے جایاگیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ امروہہ باشندہ سنگیتا کی شادی سات دن قبل۱۵؍جون کو کنہیا سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد سنگیتا شوہر کے ساتھ سورجپور قصبے میں رہنے لگی تھی۔سنگیتا کے چچا سنجے کمار نے کنہیا کے خلاف جہیز قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سنگیتا کے اہل خانہ کی شکایت پر کنہا پر جہیز نہ ملنے پر قتل کرنے کا مقدمہ درج کر کے اسے موہن مندروالی گلی قصبہ سورجپور کے کرائے کے مکان سے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔