علی گڑھ : ایسے وقت میں جب کہ کورونا وائرس کی وبا نے پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں تدریس و امتحان کے نظام کو درہم برہم کردیا ہے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ایک طالبہ کے امتحان کا بندوبست کیا جو آف لائن امتحان شروع ہونے سے ایک روز قبل ہی کووِڈ-19 سے متاثر ہوگئی تھی۔
کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ ایم ڈی پیتھالوجی کی اس طالبہ کے لئے امتحان کے آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں کا استعمال کیا گیا۔ طالبہ کو آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا اور صحت عملے نے پی پی ای کٹ پہن کر اسے کاپی اور پیپر مہیا کرایا۔ اس کے ساتھ ہی تین گھنٹے تک امتحان کی نگرانی کیمروں سے کی گئی۔
مسٹر زبیری نے بتایا کہ امتحان کے بعد طالبہ کو ایک موبائل دیا گیا اور کنٹرولر امتحان دفتر نے ایک خصوصی پورٹل بنایاجس پر طالبہ کو اپنی آنسر شیٹ کے ہر صفحہ کو اپلوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ طالبہ کی امتحانی کاپی کو وارڈ میں رکھا گیا ہے جسے بعد میں حاصل کیا جائے گا۔
اسی اثناء اے ایم یو نے سوشل ڈسٹینسنگ کے ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے ایم ڈی اور ایم ایس کے کورسوں کے امتحانات منعقد کئے، جس میں مجموعی طور سے 190 طلبا و طالبات شامل ہوئے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کنٹرولر امتحانات شعبہ کی اس کاوش کو سراہا۔