لکھنؤ۔(بیورو)اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے آج ریاست کی کثیر جہت ترقی کے مقصد سے آئندہ مالیاتی سال ۱۵-۲۰۱۴کیلئے ترقی کاایجنڈہ مقرر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو اسے پوری ذمہ داری اورمستعدی سے نافذ
کرنے کی ہدایت دی ہے۔حکومت کے ایک ترجمان نے یہاں بتایاکہ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ مالیاتی سال کے شروع میں ہی ترقی کاایجنڈہ مہیاکرادینے سے جہاں محکموں کو ترقیاتی کاموں کی ترجیحات واضح ہوجائیںگی وہیں علاقے میں کام کرنے والے افسران اورملازمین کو پوری حکمت عملی بنانے کا موقع بھی ملے گا۔انہوںنے کہاکہ حکومت کے اس قدم سے ترقیاتی کاموں کی ترجیحات میں شفافیت آئے گی اوراسکیموں کی اطلاع عوام کو بھی مہیارہے گی۔ساتھ ہی اس سے متعلقہ محکموں کی جواب دہی طے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ترجمان نے بتایاکہ آئندہ مالیاتی سال کیلئے مقررہ ایجنڈے میں مالیات، زراعت،صنعت،بنیادی ڈھانچہ ،تعمیرات عامہ،توانائی ،تعلیم ،صحت ،سماجی تحفظ ،دیہی ترقیات،آبپاشی ،شہری سہولیات،محنت،شفافیت اورموثر انتظامیہ سمیت کئی پروگراموں کو شامل کرتے ہوئے ۲۴۳نکات مقررکئے گئے ہیں۔ان سبھی نکات پر متعلقہ محکموں سے مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کی توقع کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے افسران کو بنیادی ڈھانچہ اورصنعتی سرمایہ کاری پالیسی ۲۰۱۲کو موثر طریقے سے نفاذ کو یقینی بنانے ،لکھنؤ آگرہ ایکسپریس وے کی تعمیر ،صنعتی سروس گارنٹی ایکٹ پر کارگرعمل درآمد ،پرائیویٹ بپلک شراکت داری پالیسی پرنظرثانی کرنے،صنعتی اکائیوں اورآراضی الاٹ منٹ پالیسی اوراس سے جڑے عمل کوآسان بنانے کی ہدایات دی ہیں۔اس کے علاوہ یوپی بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی فنڈ پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ دہلی،ممبئی انڈسٹریل کوریڈور اورامرتسر دہلی کولکاتا انڈسٹریل کوریڈورپروجیکٹ کے نفاذ میں آرہی دشواریوں کو دورکرتے ہوئے پوراکرانے میں ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔