نئی دہلی ، 27 جون (یواین آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال جو مختلف امور پر نریندر مودی حکومت کو نشانہ بنا نے میں پیش پیش رہاکرتے تھے ،نے ہفتہ کے روز مرکزی حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ مرکز نے ہمیں کورونا کے خلاف جنگ میں ہاتھ پکڑ کر چلنا سکھایا۔
کجریوال نے قومی دارالحکومت میں کوروناوائرس کی صورتحال پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
قابل غور ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی میں کورونا کی کمان سنبھالی اور کئی ایک میٹنگیں کیں اورمتعدد فیصلے کیے۔
کجریوال نے کہا کہ ٹسٹنگ بڑھانے کیلئے مرکز نے پہلے پانچ لاکھ ٹسٹ کٹ فراہم کی اور اب ان کی حکومت نے بھی چھ لاکھ ٹسٹ کٹس خریدی ہیں۔ انہوں نے مرکز کی مدح سرائی کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہمیں کورونا کے خلاف جنگ میں ہاتھ پکڑ کر چلنا سکھایا ہے۔
کورونا وائرس کے معاملہ میں دہلی ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ جمعہ کو دہلی کی وزارت صحت جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 3460 نئے کیسز سے متاثرین کی مجموعی تعداد 77 ہزار 240 ہوگئی ہے۔ اس عرصہ میں63 مریضوں کی ہلاکت سے مرنے والوں کی تعداد 2492 ہوگئی ہے۔