قاہرہ، 30 جون (یواین آئی) مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں خوفناک آتشزدگی میں کورونا وائرس سے متاثر کم سے کم سات مریضوں کی موت ہوگئی۔
البدروی اسپتال نے منگل کے روز فیس بک پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) وارڈ میں ائیر کنڈیشنر کے شارٹ سرکٹ میں آگ لگ گئی ، جس میں کووڈ 19 کے 7 مریض ہلاک ہوگئے۔ جبکہ سات دیگر بری طرح جھلس گئے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کی پانچ گاڑیوں نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔مریضوں کو ایمبولینسوں سے دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا
ہے۔
دریں اثنا مصر میں کورونا وائرس سے مزید 83افراد کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 2872 ہوگئی ہے۔منگل کے روز مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران کورونا وائرس کے 1566 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 66،754 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ، کورونا سے متاثرہ 412 مریضوں کو مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ وزارت کے مطابق اب تک ملک میں 17،951 افراد اس وبا سے مکمل طور پر ٹھیک ہوگئے ہیں۔