واشنگٹن، 30 جون (یو این آئی) امریکہ نے چین سے ویگر مسلمانوں کی نس بند کرنے والی مہم کو روکنے کے لئے کہا ہے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے جرمنی کے ماہر تعلیم ایڈرین جینز کے نئے مطالعہ کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا ’’چین سے دنیا کو پریشان کرنے والی کچھ ایسی رپورٹیں سامنے آرہی ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی شن جھیانگ صوبے میں خاندانی منصوبہ بندی کے نام پر طاقت کے استعمال سے ویگر مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں کے لوگوں کی نس بندی کررہی ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتی خواتین کو اسقاط حمل کرانے کے لئے مجبورکیا جارہا ہے‘‘
مسٹر پومپیو نے کہا ’’ہم چینی کمیونسٹ پارٹی سے فوری طور پر ان مہمات کو بند کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ساتھ ہی دنیا کے سبھی ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کے ساتھ مل کر اس غیر انسانی کارروائی کو روکنے کا مطالبہ کریں‘‘۔
دراصل، جرمنی کے ماہر تعلیم ایڈین جینز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی ویگر مسلمانوں کو بچے پیدا کرنے سے روک رہی ہے اور ان کے قتل عام کے لئے پالیسی بنا رہی ہے۔
واضح رہے کہ چین نے دہشت گردی اور مذہبی شدت پسندوں کے خلاف لڑائی کے نام پر تقریباً 10 ویگر مسلمانوں کو شن جھیانگ علاقے میں کیمپوں میں رکھا ہوا ہے۔ اس سلسلے ممیں دنیا بھر میں چین پر تنقید کی جارہی ہے۔