بالی وڈ میں ہمیشہ سے ہی خان گروپ کی بالادستی رہی ہے ۔ اس لئے بہت سی ہیروئینوں کا خواب رہتا ہے کہ وہ کسی نہ کسی خان کے ساتھ فلم کر کے بالی وڈ میں آگے بڑھنے کا راستہ صاف کریں ۔ لیکن کچھ ایسی بھی ہیروئنیں ہیں جو بغیر خان نام کا سہارا لئے ہی اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہیں ۔ ایسی ہیروئینوں میں پہلا نام ودیا بالن کا آتا ہے ۔ ودیا بالن کو شروع شروع میں تو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے بعد فلم ’ دی ڈرٹی پکچر‘ میں ودیا بالن نے اپنے پختہ عزم اور اپنی صلاحیت کو ایک ایکٹریس کے طور پر ثابت کر دیا ۔ ودیا بالن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز خان اسٹارر فلم سے نہیں کیا پھر بھی آج وہ ایک ٹاپ اسٹار کے طور پر جانی جاتی ہیں ۔ حال میں کترینہ کیف سلمان خان کے ساتھ کسی سپر ہٹ فلم میں نہیں آئی ہیں ۔ ان کی سلمان کے ساتھ لیڈ رول کے طور پر دو ہزار آٹھ میں فلم ’یوراج ‘ آئی تھی جو فلاپ ثابت ہوئی ۔ اسی سال انہوں نے سلمان کے ساتھ فلم ’ پار
ٹنر‘ کی جو ہٹ رہی ۔ لیکن قطرینہ کیف کی حقیقی کامیابی کے پیچھے اکشے کمار اور رنبیر کپور ہی نظر آتے ہیں ۔ فلم نمستے لندن ، ویلکم ، عجب پریم کی غضب کہانی اور راجنیتی جیسی فلمیں ان کی عمدہ کی مثال ہیں ۔ سلمان خان کے ساتھ ’ایک تھا ٹائیگر‘ کی زبردست کامیابی ان کے کیریئر کو اتنی پرواز نہیں دے پائی جتنی کہ سنگھ از کنگ جس میں ان کے ساتھ اکشے کمار ہیں یا زندگی نہ ملے گی دوبارہ جس میں رتک روشن ان کا ساتھ دے رہے ہیں ۔پرینکا چوپڑا بھی خان کے بغیر ہی آگے بڑھیں ۔ فلم اعتراض میں لیڈ رول میں اکشے کمار تھے ۔ اس کے بعد وہ فلموں کے انتخاب میں محتاط رویہ اپناتی نظر آتی ہیں جہاں خان اسٹارر نہیں ۔ فلم فیشن ، کمینے ، سات خون معاف ایسی ہی فلمیں ہیں جنہوں نے پرینکا کو اسٹار کی حیثیت دلائی ۔ پرینکا چوپڑا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز دو ہزار دو میں کیا اور انہیں دو ہزار چھ میں فلم ’ڈان‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ۔ اس کے بعد وہ بالی وڈ میں جم گئیں ۔ لیکن انہیں حقیقی کامیابی اکشے کمار کے ساتھ ہی ملی ۔ آج ان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی فلم ’برفی‘ ہے جس میں رنبیر کپور ان کے ساتھ تھے۔کرینہ کپور جو آج فلموں سے دور ہوتی نظر آتی ہیں انہیں بھی بالی وڈ میں اعلیٰ پوزیشن تک پہنچنے کے لئے کبھی خان اسٹارر فلم کی ضرورت نہیں پڑی ۔ ان کی سب سے ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘تھی جس میں ان کے ساتھ شاہد کپور تھے ۔ ان کی دوسری ہٹ فلموں میں گول مال سیریز ہے ۔ ڈان اور تلاش میں ان کے کام کے لئے انہیں خوب تعریفیں ملیں جس میں بالترتیب شاہ رخ خان اور عامر خان ہیرو تھے ۔ لیکن یہ ایسی فلمیں نہیں تھی جو سپر اسٹارڈم کے لئے راہ آسان کرتی ۔