پریاگ راج : پریاگ راج میں کوروناوائرس سے متاثر مریضوں میں اور اضافہ ہواہے۔دوشنبہ کی رات تک ۱۵نئے مریض ملے، ان میں کیڈ گنج تھانہ علاقہ کے جیون جیوتی پولیس چوکی میں تعینات ایک داروغہ بھی ہیں۔ساتھ ہی کورونامتاثر دواتاجر اور الٰہ آباد کیمسٹ وڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے صدرکے کنبہ کے چار اور رکن کورونامثبت ہوگئے ہیں۔
اس میں ان کی بیوی ،بھائی ودوبیٹیاں بھی شامل ہیں۔ایک کنبہ کے پانچ اراکین میں کورونا کی تصدیق ہونے سے محکمہ کی فکر اور بڑھ گئی ہے ۔وہیں ۱۰دیگر کی کوروناوائرس سے متاثر ہونے کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔سبھی مریضوںکو کووڈاسپتال میں بھرتی کرایاجارہاہے،ساتھ ہی ان مریضوں کے رابطہ میں آئے لوگوں کے بارے میں معلومات اکٹھاکی جارہی ہے۔
کیڈ گنج تھانہ علاقہ کے جیون جیوتی چوکی میں تعینات داروغہ دنیش کمار پانڈے کے کورونا وائرس متاثر ہونے کے بعد داروغہ اور ۶سپاہیوں کو قرنطینہ کردیاگیاہے، سبھی کو قرنطینہ بیرک میں رکھاگیا ہے ۔ایس پی سٹی دنیش سنگھ کاکہناہے کہ احتیاطاًسبھی کو قرنطینہ کیاگیاہے ۔کورونا رپورٹ آنے کے بعد آئندہ کاعمل پوراکیاجائے گا۔ادھرکرنل گنج کے رہنے والے دواتاجر۲۴ ؍ جون کو کورونامثبت پائے گئے تھے۔اس کے بعد ان کے کنبہ کے چاراور اراکین کی سیمپلنگ کراکرکوروناوائرس کی جانچ کرائی گئی،رپورٹ آئی توکنبہ کے چار اور رکن کورونا وائرس سے متاثر ملے۔اس میں ان کے ۴۸سالہ بھائی،۴۴سالہ بیوی، ۱۸سالہ و۱۶سالہ دوبیٹیاں بھی شامل ہیں،یہ لوگ گزشتہ پانچ دنوں سے ہوم قرنطینہ میں تھے،اب ایسے لوگوں کو نشان زد کیاجائے گا جو دواتاجر اور ان کے کنبہ کے رابطہ میں رہے ہیں۔کووڈ۱۹کے نوڈل افسر ڈاکٹررشی سہائے نے بتایاکہ دواتاجر کنبہ کے چار اور رکن کورونامثبت ملے ہیں۔