نئی دہلی: طویل انتظار کے بعد بالآخر عام لوگوں کے لئے دہلی کی شاہی جامع مسجد کھول دی گئی ہے۔ صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک آپ لوگ جامع مسجد کے اندر داخل ہو سکیں گے اور عبادت کر سکیں گے۔ مسجد کھولنے سے متعلق کچھ ضوابط بنائے گئے ہیں، اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ عام لوگ ظہر، عصر، مغرب اور عشاءکی نماز ہی جامع مسجد میں ادا کر سکیں گے۔ فجر کی نماز مسجد کے اندر کے افراد ہی ادا کریں گے۔
دراصل حکومت کی گائڈ لائن کے مطابق 10 بجے رات سے لاک ڈاون کا وقت شروع ہوجاتا ہے، اس لئے فجر میں وہی لوگ باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، جو مسجد کے اندر ہیں۔ کورونا وائرس پھیلنے کے سبب ایک نمازی سے دوسرے نمازی کے درمیان سماجی فاصلہ (سوشل ڈیسٹنسنگ) بنائے رکھنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی نماز ادا کرنے کے لئے جائے نماز ساتھ لے کر آنا اور گھر سے وضو کرکے آنا ہوگا۔جامع مسجد میں وضو کےلئے بنائے گئے حوض کے پانی کو پہلے ہی خشک کر دیا گیا ہے جبکہ جامع مسجد کی صرف اندرونی حصے میں ہی نماز ادا کی جائے گی، سماجی دوری بنائے رکھنے کے لئے نشانات لگا دیئے گئے ہیں۔ اندرونی حصہ میں نماز اور سماجی دوری کو دیکھتے ہوئے کافی کم تعداد میں ہیں لوگ نماز ادا کر پائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا بحران کے درمیان تمام عبادت گاہوں کو بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حکومت کی گائڈ لائن کے مطابق 8 جون کو عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ تاہم شاہجہانی جامع مسجد کے امام سید احمد بخاری نے علمائے کرام سے تبادلہ خیال کے بعد کورونا وبا کے پیش نظر 8 جون کو مسجد نہ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ شاہی امام احمد بخاری نے احتیاط کے طور پر 11 جون کو عام لوگوں کے لئے مسجد کو 30 جون تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ اس درمیان دہلی کی دوسری تمام مساجد میں میں نماز ادا ہوتی رہی ہے۔ جمعہ کی نماز میں زیادہ لوگوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے دو مرتبہ نماز ادا کی گئی اور اب 4 جولائی کو احتیاط کے ساتھ جامع مسجد کو کھول دیا گیا ہے۔