جنیوا/نئی دہلی/ بیجنگ (یواین آئی)دنیا بھر میں عالمی وباکورونا وائرس ’کووڈ 19‘ کاقہر بڑھتا ہی جارہا ہے اور دنیا بھر میں اس کے متاثرین کی تعداد 11193565 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 529127 ہوچکی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 11 لاکھ 93 ہزار 565 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 29 ہزار 127 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 43 لاکھ 33 ہزار 103 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اوراپنے اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 836 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 63 لاکھ 31 ہزار 335 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 32 ہزار 101 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 90 ہزار 588 ہو چکی ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے 15 لاکھ 22 ہزار 999 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 928 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 12 لاکھ 35 ہزار 488 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔