لکھنؤ: ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج میں دوشنبہ کو کووڈ-۱۹ سے متاثر ۵۲ ؍اور مریضوں کو بھرتی کرایا گیا۔ اب مریضوں کی تعداد ۱۰۷ہوگئی ہے جس میں ۶۷مرد اور ۴۰عورتیں ہیں۔ کچھ سنگین مریضوں کو وینٹی لیٹرپر بھی رکھا گیا ہے جب کہ کئی مریض پہلے سے دوسری بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ دوشنبہ کو بھرتی کرائے گئے مریضوں میں تین اور دس سال کےبچے اور ایک ۷۲ سال کےبزرگ بھی شامل ہیں۔
میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم اے فریدی نے بتایاکہ بہتر طبی بندوبست کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے دوسرے اضلاع سے کے جی ایم یو اور پی جی آئی ریفر مریضوں کو بھی یہاں بھرتی کرایا ہے۔
کورونا سے متاثر مریضوں میں ایک ہی کنبہ کے اراکین بھی ہیں جس میں شوہر، بیوی اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال میں کورونا انفیکشن والے مریضوں میں دیگر بیماری اور علاج کیا جارہاہے۔ کئی مریضوں میں یرقان اور دیگر بیماریوں کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
اسپتال کے تجربہ کار اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی ٹیم مریضوںکا علاج اور کونسلنگ کررہی ہے۔ پرنسپل ڈاکٹر فریدی نےبتایاکہ مریضوں کےلئے اخبار اور ٹی وی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
کووڈ زون میںکام کرنے والے سبھی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو محکمہ صحت کی گائڈ لائن کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ واضح رہےکہ ایراز میڈیکل کالج میںکورونا کے مریضوں کے علاج کےلئے لیول -۳ کا کووڈ اسپتال بنایا ہے جس میں آئیسولیشن ، آئی سی یو اور وینٹی لیٹر جیسی سہولتیں فراہم ہیں۔