لکھنؤ : مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری و امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے سعودی اخبار’الشرق الاوسط‘ میں شیعوں کے بزرگ عالم آیت اللہ سید علی سیتانی کے توہین آمیز کارٹون شائع کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔
مولانا نے اسے مشتعل کرنے اور اسلامی دنیا کو تقسیم کرنے کی کوشش بتایا۔ مولانا نے کہاکہ سعودی اخبار ر’الشرق الاوسط‘کا یہ توہین آمیز رویہ ناقابل برداشت ہے۔
مولانا نے کہاکہ سعودی عرب اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کیوںکہ اس کی سبھی سازشوں اور ناپاک ارادوںکو اسلامی قیادت نے ناکام کردیا ہے۔ دشمن مرجعیت کی طاقت اور اس کی عظمت کے بارے میں اچھی طرح جانتا ہے۔ اس لئے وہ ان کے وقار کی توہین کرکے اپنے غم اور غصہ کو کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ مولانانے کہاکہ سعودی اتحاد کو مختلف محاذ پر ذلت آمیز شکست ملی ہے جس کے بعد وہ مسلسل کھسیاہٹ کا شکار ہے اور ایسی حرکتیں کررہا ہے۔ خصوصاً آئی ایس آئی ایس کے خاتمہ نے اس کی دہشت گردانہ سرگرمیوںکی کمر توڑدی ہے۔ سعودی عرب اچھی طرح سے جانتا ہے کہ آیت اللہ سیستانی کے فتویٰ میں آئی ایس آئی ایس کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ان کی دشمنی میں اندھا ہوگیا ہے اور ان کی توہین کی کوشش کرتاہے۔
مولاناسید کلب جواد نقوی نے کہاکہ اخبارنے اپنے آقا امریکہ اور اسرائیل کو خوش کرنے کےلئے بزرگ عالم کی توہین کی جس میں اس کی غلامانہ ذہنیت کو اجاگرکیا ہے۔ یہ اخبار اسلامی دنیا میں تقسیم کی کوششوں کےلئے جانا جاتاہے۔ مولانا نے کہاکہ موجودہ وقت میں مرجعیت کے دشمن ہمارے درمیا ن کئی طرح کی شکلوں میں ہیں، ان کا پہچاننا اور بائیکاٹ ضروری ہے۔ یہ دشمن کبھی باہر سے حملہ کرتے ہیں تو کبھی ہمارے در میان سے ہمارے عقیدوں پر حملہ کرتے ہیں ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔