کانپور: چوبے پور کے موضع بکرومیں سی اوسمیت ۸پولیس جوانوں کے قتل میں شامل رہے موسٹ وانٹیڈوکاس دوبے کا ویڈیو اور آڈیو وائرل ہورہا ہے،جس میں اس نے دواراکین اسمبلی کے نام لئے ہیں، حالانکہ یہ ویڈیو کافی پرانا بتایاجارہاہے ،لیکن آڈیو کو لے کر شک قائم ہے۔
ٹی وی چینلوں پرویڈیواور آڈیونشر ہونے کے بعد دونوں اراکین اسمبلی نے بھی اپنی بات رکھی ہے، ایک رکن اسمبلی نے وکاس سے کبھی کوئی تعلق نہ ہونے اور نہ کبھی ملنے کی بات کہی ہے۔وہیں دوسرے رکن اسمبلی نے ایسے ویڈیوکی جانچ کرانے اور معاملہ اوپر تک رکھنے کا بیان دیاہے۔
ڈھائی لاکھ کے انعامی وکاس دوبے کو یوپی پولیس کے علاوہ مدھیہ پردیش اور راجستھان پولیس بھی تلاش کرنے میں مصروف ہے،ان سب کے درمیان دوشنبہ کی صبح وکاس دوبے کا ایک ویڈیو اور آڈیووائرل ہواتوسنسنی پھیل گئی۔ایک ٹی وی چینل پر ویڈیو نشر ہونے پر ویڈیو ۲۰۱۷کا بتایاجارہاہے،ویڈیو اور آڈیو میں وکاس دوبے نے دوسیاسی رہنماؤں کے نام قبول کئے ہیں۔
ویڈیو میں وکاس دوبےنے اس وقت کے کانگریس رہنمااور موجودہ وقت میں بی جے پی رکن اسمبلی ابھیجیت سنگھ سانگااور بلہور اسمبلی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی بھگوتی پرساد ساگر کانام لیاہے۔بی جے پی رہنماؤں کے نام سامنے آنے پر سیاسی ہلچل بھی تیز ہوگئی ہے ،دونوں رہنماؤںنے متعلقہ ٹی وی چینل پر آکراپنی بات رکھتے ہوئے وکاس دوبے سے تعلقات ہونے سے انکار کیاہے۔
بٹھورسے بی جے پی رکن اسمبلی ابھیجیت سنگھ سانگا کا کہنا ہے کہ میرانہ تو کبھی اس سے تعلق رہاہے اور نہ ہی میں اس سے کبھی ملا ہوں،یہ جرائم پیشہ ہے اوراقتدار کاتحفظ لینے کے لئے اس طرح سے نام لیتارہاہے۔ وہ ایسے ہی جھوٹ بولتا ہے ،ہماراکبھی کوئی تعلق نہیں رہاہے۔بلہور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی بھگوتی پرساد ساگر نے کہاہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہاویڈیو ۲۰۱۷کا ہے اور اس سال انتخابات میں وکاس دوبے نے کھل کر بی ایس پی امیدوار کاساتھ دیا تھا۔
بی ایس پی امیدوار کے ساتھ وکاس دوبے اور ایک فلمی اداکارہ نے مندھناسے بلہور تک رتھ بھی نکالاتھا،اس کی ویڈیو گرافی بھی اس وقت الیکشن کمیشن کے حکم پر ہوئی توجو ضلع انتظامیہ کے پاس ہوگی،افسران اسے دیکھ سکتے ہیں۔ا س سے قبل ۲۰۱۲ میں وہ انتخاب لڑے ہی نہیں تھے۔وکاس اتناشاطر ہے کہ وہ کبھی بھی کسی کابھی نام لے کر اسے پھنسانے کی کوشش کرسکتاہے،کوئی افسر یہ کہہ دے کہ میں نے کبھی اس کی سفارش کی ہے تومجھے پھانسی کی سزابھی منظور ہے۔
بدنام زمانہ ملزم وکاس دوبے سے معطل تھانیدار ونے کمار تیواری سے یارانہ تعلقات تھے،ایک مقدمہ سے وصولی کےلئے دھمکی کی دفعہ ۳۸۶ہٹوادی تھی،اس کی رپورٹ بکروقتل میں شہید سی اودویندر مشرا نے اس وقت کے ایس ایس پی کو بھیجی تھی،رپورٹ میں ونے تیواری کی ایمانداری مشتبہ بتاتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی ہے،لیکن سبھی خاموشی اختیار کرلی ہے۔
سی او بلہور رہے دویندر مشرانے ۱۴؍مارچ ۲۰۲۰کوچوبے پور تھانہ کامعائنہ کیاتھا،اس دوران پتہ چلاکہ ۱۳؍مارچ کو وکاس دوبے کے خلاف وصولی کےلئے دھمکی،بلوا، مار پیٹ ، جان سے مارنے کی دھمکی کی ایف آئی آر درج ہوئی تھی، جانچ چوبے پور تھانہ کے داروغہ اظہر عشرت کو سونپی گئی، دوسرے ہی دن تفتیش کنندہ اظہر نے مقدمہ سے وصولی کیلئے جان سے مارنے کی دھمکی دینے کی دفعہ ۳۸۶ ہٹادی۔سی اونے پوچھاتوداروغہ نے بتایاکہ ایس او کے کہنے پر ہٹائی گئی۔اسی دن سی اونے چوبے پور ایس اورہے ونود تیواری کے خلاف ایس ایس پی کورپورٹ بھیجی۔