کانپور: کانپورمعاملہ کے اہم ملزم ڈھائی لاکھ کے انعامی بدمعاش وکاس دوبے کو گرفتار کرنے کےلئے گھیرابندی تیز کردی گئی ہے ،دوشنبہ کوپولیس نے کانپور-لکھنؤ اور کانپور-دہلی کے درمیان پڑنے والے ٹول پلازوںپر وکاس دوبے کی تصویریں چسپاں کی ہیں۔
کانپور-لکھنؤ کے نواب گنج ٹول پلازہ پر،کانپور کی چکیری پولیس نے تصویریں چپکائی ہیں، تصویر کے نیچے پولیس نے ’انعامی بدمعاش‘لکھاہے،یہ تصویریں ایس ایچ اوچکیری کے حوالے سے چپکائی گئی ہیں۔اسی طرح کانپور-دہلی روٹ کے بارا ٹول پلازہ پر بھی پولیس نے وکاس دوبے کی تصویریں لگائی ہیں۔
کانپور کے موضع بکرومیں جمع کو وکاس دوبے کے گھر دبش دینے گئی پولیس ٹیم پر وکاس اور اس کے ساتھیوںنے حملہ کردیاتھا،انھوںنے اندھادھن فائرنگ کرکے ڈی ایس پی سمیت ۸ پولیس ملازمین کو شہید کردیا۔اس سنسنی خیز واردات کے بعدپولیس گزشتہ پانچ دن سے گینگسٹر وکاس دوبے کو تلاش کرنے میں دن رات مصروف ہے،
پولیس نے موضع بکرو واقع اس کے قلعہ نماگھر کوزمیں دوزکرنے کے بعد وہاں سے دیواروںمیں چنواکررکھاگیادھماکہ خیز اشیاء اوراسلحے بھی برآمد کئے تھے۔اترپردیش،راجستھان،ہریانہ اور بہار میں اس کی گھیرابندی جاری ہے، اترپردیش میں پولیس کی ۶۰ٹیمیں اسے تلاش کرنے میں لگائی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شہید پولیس ملازمین کے کنبہ والوں کوایک ایک کروڑ روپئے اور کنبہ کے ایک رکن کو سرکاری ملازمت دینے کااعلان کیاہے۔اسی کے ساتھ وکاس دوبے کی گرفتاری کیلئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو سخت ہدایت دی ہے۔