لکھنؤ: کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے کانپور واردات کےکلیدی ملزم وکاس دوبے کی گرفتاری کو منصوبہ بند مشتبہ بتاتے ہوئے پورےمعاملہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے ایک بارپھرالزام لگایاکہ ریاست میںجرائم پیشہ افراد کو صاحبان اقتدار کی کھلی سرپرستی حاصل ہے۔ کانپورمیں ہوئے واقعہ سے ریاستی حکومت کاکردار اور چہرابے نقاب ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یوگی آدتیہ ناتھ سے ریاست کا قانون اور انتظام سنبھل نہیں رہا ہے۔ نظم و نسق دن بہ دن بدحال ہوتاجارہاہے اور جرائم پیشہ عناصرکے حوصلے بلندہیں۔ ریاستی صدر اجے للونے ریاست کی حکومت کو کٹہرے میںکھڑاکرتے ہوئے کئی سوالات اٹھائے انہوں نے کہاکہ ریاست میں جنگل راج کا عالم یہ ہے کہ اعلیٰ افسر پولیس کے مجرمانہ گٹھ جوڑ کے سبب جرائم کی فصل پھل پھول رہی ہے۔
انہوں نے وکاس دوبے کی گرفتاری کو منصوبہ کے تحت مشتبہ بتاتے ہوئے ریاستی حکومت سے چھ سوال دریافت کئے ہیں۔ اجے للونے سوال پوچھتے ہوئےکہاکہ جب سرحدیں سیزتھیں اور بڑی تعدادمیں ایجنسیاں اور پولیس کی ٹیم مستعد تھی تووکاس دوبے اجین کیسے پہنچ گیااس کی جانچ ہو، ریاستی حکومت جواب دے کہ وکاس دوبے کے ساتھ جن لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں ان کی بھی جانچ ہو، پولیس سے وکاس کے ساز باز کامعاملہ بھی آشکارہ ہے۔
ایک بڑے پولیس افسرکو ہٹایا بھی گیا ہے جس کےساتھ وکاس کےمعاون جے باجپئی کی تصویر وائرل ہوئی تھی اسی سے وابستہ تصویر سکریٹریٹ کے ایک افسرکے ساتھ بھی ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی اور وزراء کی بھی تصاویر ہیں۔ ان سبھی کےکردار کی جانچ ہونا چاہئے۔