لکھنؤ: راجدھانی کے حضرت گنج واقع تاریخی سبطین آبادامام باڑہ کے گزشتہ دنوں منہدم ہوئے باہری داخلہ دروازے کی مرمت کیلئے محکمہ آثارقدیمہ اے ایس آئی نے پچاس لاکھ روپئے کی رقم منظورکی ہے۔
امام باڑہ کے متولی وتاریخٰ وراثتوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے محمد حیدر رضو ی ایڈوکیٹ نے بتایاکہ اے ایس آئی کی جانب سے جلد ہی منہد م داخلی دروازہ کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔راجدھانی کے ’ہیری ٹیج لورس ‘اور شیعہ طبقہ نے اے ایس آئی کی پہل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کا م کےجلد شروع ہونے کی امید ظاہرکی ہے۔
واضح ہوکہ سبطین آباد امام باڑہ کا حضرت گنج کی جانب کھلنے والا باہری داخلہ دروازہ گزشتہ دو اپریل کو منہدم ہو گیا تھا لیکن لاک ڈاؤن کے سبب بڑاحادثہ ہونے سے بچ گیا تھا۔ امام باڑہ کے متولی محمد حیدرنے اے ایس آئی اور ضلع انتظامیہ کو مکتوب کےذریعہ اس کی مرمت کرائے جانے کی گزارش کی تھی۔
مسٹر حیدر نے بتایاکہ امام باڑہ کی انتظامیہ کمیٹی اور راجدھانی کے علما، امام جمعہ مولانا کلب جوادنقوی، مولانا علی ناصر سعید عبقاتی آغاروحی، مولانا سیف عباس نقوی، مولانا عباس ارشاداورمولانا یعسوب عباس وغیرہ کی نگرانی میں اےایس آئی کو بھیجے گئے مکتوب پرکارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی نے مذکورہ کام کیلئے پچاس لاکھ روپئے کی رقم منظور کرتے ہوئے جلد ہی کام شروع کرنےکوکہاہے۔