لکھنؤ: ریاست کے مختلف اضلاع میں گھوم گھوم کر حملہ آور ٹڈیوں کاجھنڈ اتوارکےروز دوپہر کو راجدھانی لکھنؤ کے شہری علاقوںمیں بھی پہنچ گیا۔ دوبگاسے لیکر چوک علاقہ تک لاکھوں کی تعداد میں ٹڈیاں نظرآتے ہی کہرام مچ گیا۔ لوگوں نے اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاںبندکرلیں۔ جب تک وہ کچھ سمجھ پاتے ٹڈیوںکا جھنڈ راجدھانی کے پرانے علاقہ کی فضامیں منڈلانے لگا۔
دیکھتے ہی دیکھتے آسمان ٹڈیوں سے بھرگیا۔ لوگ گھبراکرگھروں سے باہر نکل آئے۔ خوفزدہ لوگوں نے ٹڈیوںکوبھگانےکیلئے تھالی اور ڈرم بجانے کی کوشش کی گملو ںاور پیڑپودوںکو بچانے کیلئے لوگوں نے انہیں کپڑے اور چادروںسے ڈھک دیا۔اس درمیان وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹڈیوں سےبچاؤکیلئے کیمیکل کے چھڑکاؤکی ہدایات دیں ،ٹڈیوںکا جھنڈ دوبگاسے چوک،حسین آباد، مفتی گنج، ڈالی گنج، سیتاپور روڈ، رنگ روڈ، کلیان پور علاقہ سے گزرتا ہوا جانکی پورم علاقہ میں پہنچ گیا۔
ٹڈیاں لوگوں کے گھروںمیں بھی داخل ہو رہی تھیں ۔کئی جگہ انہوںنے پیڑوںکی پتیوں اور ہریالی کو بھی نقصان پہنچایا۔ ٹڈیوں کے حملہ سے شہری علاقوںمیں درختوںکی پتیاں اور دیہی علاقہ میں فصلوںکو بھی نقصان پہنچاہے۔
شہرمیں لوگوںنے تھالی اور ڈرم بجاکر یا تیز آواز کر کے انہیں بھگانے کی کوشش کی جبکہ لکھنؤ پولیس نے بھی ٹڈیوںکو بھگانے کیلئے حضرت گنج سے چوک تک ہوٹرکی تیز آواز کے ساتھ موٹرسائیکلوں سے مارچ پارسٹ کیا۔ مختلف علاقوںمیں ٹڈیوں کے جھنڈ ۱۵ سے ۲۰ منٹ تک ہوتے ہوئے آگے نکلتے گئے۔
اس سےقبل سنیچرکےروز سیتاپور ضلع میں ٹڈیوںکے جھنڈ دیکھے گئے تھے۔ راجستھان، ہریانہ اورمدھیہ پردیش کے علاقوں سے یوپی کی جانب آنے والی ٹڈیوںکے جھنڈ جھانسی، آگرہ ،جالون، پریاگ راج، پرتاپ گڑھ،کانپور، فتح پور، امبیڈکرنگر، سلطانپور، بستی سمیت ریاست کے زیاتر اضلا ع میں پیڑوں اور فصلوں پر حملہ کر چکے ہیںجس میں ریاست میں فصلوںکاکافی نقصان ہوچکاہے۔
محکمہ زراعت ٹڈیوں کے حملہ سے بچنے کیلئے کسانوںکو تیز لائٹ جلانے ،آواز کرنے اور تھالی بجانے کیلئے بیدارکرنے کی کوشش کر رہاہے۔