اناؤ: ماکھی تھانہ علاقہ کے ایک موضع میں اتوار کی صبح کھیت جارہی پردھان کی بھتیجی کو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے دونوجوانوں نے زبردستی جھاڑیوں میں کھینچ لیااور مخالفت کرنے پر بانکا سے کاٹ کر بہیمانہ قتل کردیا۔
اطلاع پر گاؤں میں پہنچی پولیس نے چھان بین شروع کی ہے۔عصمت دری کی کوشش کی مخالفت پر قتل کی بات سامنے آرہی ہے ۔واردات کے بعد گاؤں میں سنسنی کاماحول ہے اور گاؤں والوں میں اشتعال پایاجارہاہے۔
ماکھی کے موضع پوئی کے مزرعہ میں ۱۷سالہ لڑکی اتوار کی صبح گھر سے رفع حاجت کیلئے کھیت جارہی تھی پولیس کے مطابق راستہ میں دونوجوان پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے اور آتے ہی اسے دبوچ کر کھیت میں جھانڑیوں کی جانب کھینچ کر لے گئے ،زبردستی پر لڑکی نے مخالفت کی توناراض نوجوانوںنے مارپیٹ کے بعدبانکا سے وار کردیا ،سر پر دووار کرنے سے لڑکی کی موقع پر ہی موت ہوگئی ،واردات کو انجام دینے کے بعد دونوں نوجوان فرار ہوگئے ۔ گاؤں والوںنے لڑکی کی لاش پڑی دیکھ کر کنبہ والوں اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے معاملہ کی جانچ شروع کی ہے اور لڑکی گاؤں پردھان کی بھتیجی بتائی جارہی ہے۔واضح ہوکہ اناؤ ضلع میں جرائم میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے، لوٹ ،ڈکیتی ،قتل ،چوری وغیرہ کے مقدمات آئے دن قائم ہورہے ہیں ،وہیں دیہی علاقوںمیں پولیس کی گشت بھی لاک ڈاؤن کے سبب ڈھیلی پڑ چکی ہے ،پولیس کے جوان مسلسل ڈیوٹی پررہنے کے سبب تھکان محسوس کررہے ہیں جس کی وجہ سے اپنے فرائض کو صحیح طریقہ سے انجام نہیں دے پارہے ہیں۔