لکھنؤ: سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کے نشے میں قانونی عمل سے باہر جا کر پولیس فورس کا غلط استعمال کرنے سے جرائم پر روک نہیں لگ سکتی۔ انہوںنے کہا کہ جب تک بی جے پی اپنے بچاؤ میں دوسروں کو پھنسانے کے لائحہ عمل پر کام کرتی رہے گی تب تک بہتر حکومت قائم نہیں ہو سکتی۔
انتقامی جذبے سے حزب مخالف پر حملہ آور ہونے سے بی جے پی کو کچھ ملنے والا نہیں۔ یہاں جاری ایک بیان میں مسٹر یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ہمیشہ سے ہی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رہی ہے ۔ سماجوادی حکومت میں کبھی بھی جرائم پیشہ عناصر کو پناہ نہیں دی گئی۔
بی جے پی نے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کو پناہ دی ہے بلکہ جرائم کو روک پانے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔ فرضی انکاؤنٹر کے ان کے عمل سے جرائم پیشہ عناصر تو خوفزدہ نہیں ہوئے بلکہ بے قصور ضرور خوف میں مبتلا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ جرائم پیشہ بی جے پی میں ہی ہیں۔
آخر بی جے پی عدالتوں پر اعتماد کیوں نہیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانا اور سماج کو تقسیم کر کے سیاست کرنا جمہوریت کی صحت مند روایت کے خلاف ہے۔حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ سماج میں سبھی کے ساتھ مساوی سلوک کرے۔
ذات کی بنیاد پر فیصلہ کرنے سے سماج میں انتشار پیدا ہوتا ہے اس لئے سماجوادی پارٹی ہمیشہ سماجی انصاف کی حامی رہی ہےجس سے کسی بھی طبقہ کی حق تلفی نہ ہو۔سماجوادی پارٹی صدر نے کہا کہ بی جے پی کو صرف اقتدار کی بھوک ہے عوام کی بھوک سے اس کا کچھ لینا دینا نہیں۔