دیوبند : دیوبند میں 5جولائی سے 15جولائی تک چلنے والے کورونا سروے کے نوویں دن بھی محکمہ صحت کی107 ٹیموں نے پولیو مہم کی طرح گھر گھر جا کر علامت والے افراد کی لائن لسٹنگ کی اور لوگوں کو کورونا کے تئیں بیدار کیا ۔سی ایچ سی انچارج ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی جانچ کی جا چکی ہے ،
انہوں نے بتایا کہ آج سروے کے نوویں دن سروے ٹیم نے 5ہزار 6سو 81گھروں میں سروے کیا ہے جس کے تحت قریب 29224لوگوں کی جانچ کی گئی ہے جس میں شگرسے متاثرہ 160 مریض،بلڈ پریشر والے 60،کینسر کے10، عارضہ قلب سے متاثرہ15مریض اورگردے میں انفیکشن والے6مریض پائے گئے ہیں جن پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا سروے کے تحت گھر گھر پہنچ کر لوگوں کو بیدار بھی کیا جارہا ہے اور اس وبائی مرض سے بچاؤ کی معلومات بھی فراہم کرائی جارہی ہیں ،انہوں نے لوگوں سے کووڈ 19سرویلانس مہم میں تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سروے کو این آر سی ،این پی آر یا سی اے اے کاسروے نہ سمجھیں۔
ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ اتوار کے روز آئی رپورٹ میں مزید4افراد کورونا مثبت آئے ہیں جبکہ26لوگوں کی کورونا رپورٹ منفی آئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ کورونا متاثرہ لوگوں میں گاؤں بابوپور نگلی کی 42سالہ خاتون ہے جس کے کنبہ کے پہلے بھی دو لوگ کورونا مثبت آ چکے ہیں جبکہ تین کورونا پازیٹیو مریض شہر کے پتھر کا کنواں علاقہ کے رہنے والے ہیں ان میں سے ایک کنبہ کا تعلق اس نوجوان سے ہے جو شہر کے سبھاش چوک پر واقع ایک ڈاکٹر کے یہاں کام کرتے ہوئے گزشتہ دنوںکورونا مثبت پایا گیا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ ان تینوں کورونا مثبت مریضوں میں ایک خاتون ہے جس کی عمر قریب 72سال ہے اور دوسرے مریض کی عمر قریب 32سال اور تیسرے کی عمر قریب 35سال ہے جن کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے ۔ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ چاروں کورونا مثبت مریضوں کے سبھی نزدیکی لوگوں کے سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیجے جائیں گے ،انہوں نے بتایا کہ اب دیوبند تحصیل میں کل کورونا مثبت لوگوں کی تعداد 173ہو گئی ہے جبکہ ایکٹیو کیس کل 33ہیں ،وہیں ڈاکٹر اندراج سنگھ نے شہر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیم کا تعاون کرتے ہوئے سروے کو لیکر کسی کے بہکاوے یا الجھن میں نہ پڑیں ۔یہ ہماری حفاظت کے لئے اٹھایا گیا قدم ہے ۔ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ 72سالہ کورونا مثبت فی میل مریض کو پلکھنی میں واقع کووڈ اسپتال میں اور تینوں میل مریضوں کو گلوکل میڈیکل کالج سہارنپور میں بھیج دیا گیا ہے ۔وہیں سی ایم او ڈاکٹر بی ایس سوڈھی نے اچانک دیوبند پہنچ کرسی ایچ سی میں ڈاکٹروں کی میٹنگ لی اور سروے سے متعلق معلومات حاصل کرضروری ہدایات جاری کرنے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم کے ساتھ شہر کے محلہ جوشی واڑہ اور گاؤں بابو پور نگلی پہنچ کرکووڈ 19کے تحت کئے جا رہے سروے کے متعلق لوگوں سے گھر گھر جاکر معلومات حاصل کی۔