نئی دہلی،20 جولائی (یواین آئی) ملک میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں کوروناوائرس کے ریکارڈ 40 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11.18 لاکھ ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40425 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1118043 ہوگئی جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 681 سے بڑھ کر 27،497 ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران22664 مریض صحت مند ہوچکے ہیں اور اب تک 700087 افراد کورونا سےشفایاب ہوئے ہیں۔ فی الوقت ملک میں کورونا وائرس کے 390459 فعال کیسز ہیں۔
ملک کی مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے حالات پر نگاہ ڈالیں تو سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے 9518 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 258 افراد کی موت ہوئی ہے۔ یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3،10،455 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11،854 ہوگئی ہے جبکہ 1،69،569 افراد وائرس سے شفایاب ہوئے ہیں۔