لکھنؤ: ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج میں دوشنبہ کو مزید 71 کورونا متاثر مریضوںکو ضلع انتظامیہ کی جانب سے داخل کرایا گیا ہے۔ ایراز میں اب مریضوں کی تعداد 289ہو گئی ہے۔ دوشنبہ کو 14مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایراز میڈیکل کالج میں مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
گذشتہ چار دنوں میںتقریباً170مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج کئے گئے ہیں۔ ایراز میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم ایم اے فریدی نے بتایا کہ موجودہ وقت میں ریاست میں سب سے زیادہ مریضوں کا علاج ایراز میڈیکل کالج کر رہا ہے۔ ہمارے ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کو بہترطبی خدمات دی جا رہی ہیں۔ مریضوں کو مقوی غذا کے ساتھ اخبار اور ٹی وی دیکھنے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم پوری محنت سے مریضوں کا علاج کر رہی ہے۔ یہاں خصوصی طریقے سے مریضوں کو شفا یاب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر فریدی نے بتایاکہ کووڈ زون میںکام کرنےو الے سبھی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو محکمہ صحت کی گائڈ لائن کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ غور طلب ہے کہ ایراز میڈیکل کالج نے کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے لیول-3 کاکووڈ اسپتال بنایاہے جس میں آئیسولیشن، آئی سی یو اور وینٹی لیٹرجیسی تمام سہولیات بھی موجود ہیں۔