نئی دہلی: سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کی قصوروار نلینی سری ہرن نے جیل میں خودکشی کی کوشش کی ہے۔ جیل کے گارڈ نے انہیں موقع پر بچا لیا۔ نلینی سری ہرن کو فورا اسپتال لے جایا گیا۔ فی الحال ان کی طبیعت درست بتائی جارہی ہے۔ نلینی نے کس طریقے سے خودکشی کرنے کی کوشش کی ابھی تک اس بات کی کوئی اطلاع نہیں مل پائی ہے۔
بتادیں کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے معاملے میں نلینی سری ہرن وللور کی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ اور یہ پہلا موقع ہے جب اس نے ایسا قدم اٹھانے کی کوشش کی ہے۔
انگریزی اخبار “انڈین ایکسپریس” کے مطابق نلینی کے وکیل پگلینتی نے بتایا کہ صبح نلینی سری ہرن کا جیل میں ساتھی خاتون قیدی سے جھگڑا ہوا تھا۔ جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھایا، ابھی وہ ٹھیک ہے۔
اس درمیان نلینی سری ہرن کے شوہر مروگن نے اسے دوسری جیل میں شفٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیل میں ان کی بیوی نلینی کی جان کو بڑا خطرہ ہوسکتا ہے۔ نلینی سری ہرن کو 2019 میں ایک ماہ کی پیرول ملی تھی تط ان کی بیٹی کی شادی تھی۔
آپ کو بتادیں کہ 21 مئی 1991 کو ، تمل ناڈو کے شری پینربڈور میں ہوئے ایک دھماکے میں راجیو گاندھی کی موت ہوگئی تھی۔ سری لنکا میں اس قتل کی سازش رچی گئی تھی۔ نومبر 1990 میں سری لنکا کے شہر جافنا میں سازش رچنے والوں میں لٹے (ایل ٹی ٹی ای) کے سربراہ پربھاکرن اور اس کے چار ساتھی ، بیبی سبرامنیم ، متھوراجا ، مروگن اور شیوراسن شامل تھے۔ نلینی سری پرن نے دھنو نامی اس لڑکی کی تلاش کی تھی جس کے جسم پر بم باندھ کر راجیو گاندھی کے پاس بھیجا جاسکتا تھا۔
نلینی سری ہرن کے گھر پر ہی اسے پریکٹس کروائی گئی تھی۔ 21 مئی کو شری پینربڈور میں ریلی کے دوران دھنو نے راجیو گاندھی کو مالا پہنائی اور پاؤں چھوئے اور پھر بم دھماکہ ہوگیا۔
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کی قصوروار نلینی سری ہرن دنیا میں سب سے طویل عرصے تک جیل میں سزا کاٹنے والی خاتون قیدی ہے۔ جیل میں گزارے گئے اس وقت کے دوران اس نے تمل زبان میں 500 صفحات پر مشتمل ایک کتاب لکھی جسے 24 نومبر 2016 کو جاری کیا گیا تھی۔ نلینی نے اپنی پرینکا گاندھی سے ہوئی ان کی ملاقات کے بارے میں بتایا تھا۔