جے پور، 22 جولائی (یواین آئی ) کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے مرکز کی مودی حکومت پر جانچ کرنے والی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس ریڈ کی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہے۔
مسٹر سرجے والا نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مرکزی حکومت جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے اور وزیراعظم مودی نے ریڈ راج قائم کیا ہوا ہے لیکن کانگریس اس سے خوفزدہ نہیں ہونے والی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس وقت بوکھلا گئی ہے اور وہ ڈر بیٹھانے کے لئے ای ڈی کی کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے رکن اسمبلی کرشن پونا سے سی بی آئی کے ذریعہ پوچھ گچھ کرائی گئی اور اب جودھپور میں وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے بڑے بھائی اگرسین گہلوت کے گھر میں ای ڈی چھاپہ ماری کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر اگرسین گہلوت کا قصور صرف اتنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے بھائی ہیں۔ وہ نہ تو سیاست میں ہیں اور نہ ہی سیاست سے ان کا کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر پر سنٹرل آرمڈ فورس تعینات کردی گئی ہے اور ای ڈی ریڈ کررہی ہے لیکن ’ریڈ راج ‘ سے راجستھان ڈرنے والا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ مودی سرکار کانگریس میں ڈر بیٹھانے کے لئے اس طرح کی کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جب بحران میں ہوتی ہے تو وہ سی بی آئی ، ای ڈی اور انکم ٹیکس کی کارروائی کرتی ہے۔