لکھنؤ: ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج کی کریٹیکل یونٹ کے بیڈ مریضوں سے تقریباً بھر چکے ہیں۔ بڑی تعداد میں کورونا متاثر سنگین مریضوں کا علاج ایرا کے ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعہ کیاجا رہا ہے۔ آئی سی یو کے 20میں سے 17بیڈ، ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ(ایچ ڈی یو) کے 25میں سے 21بیڈ پر مریض موجودہ وقت میں بھرتی ہیں۔
وینٹی لیٹر پر بھی پانچ مریضوں کو رکھا گیا ہے۔ ایرا میں کل 212 کورونا مریض بھرتی ہیں۔ سنگین مریضوں کی موجودگی کی اہم وجہ یہ ہے کہ متاثرہ مریضوں کو تاخیر سے یا شہر کے مشہورمختلف میڈیکل اداروں سےریفر کراکر مریضوں کو ایرا میں بھرتی کرایا جا رہا ہے۔
ایراز میڈیکل کالج ریاست میں سب سے زیادہ کورونا مریضوں کا علاج کر رہا ہے اور انہیں شفا یاب کرنے میں بھی سب سے زیادہ کامیابی بھی حاصل کی ہے۔ ایرا نے گذشتہ پانچ دنوں میں 420مریضوں کا علاج کر کےصحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دی ہے۔منگل کو ریکارڈ 145 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا تھا۔ ایراز لکھنؤمیڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم ایم اے فریدی نے بتایا کہ اس عالمی وبا میں ایرا انتظامیہ حکومت اور سماج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
ہم مفت بہتر طبی سہولت مریضوں کو دے رہے ہیں۔ ہم نے گذشتہ 15دنوں میں تقریباً718کورونا مریضوں کا علاج کیا ہے جس میں 420کو صحت یاب کیا۔ بدقسمتی سے کچھ مریضوں کی دوران علاج موت بھی ہوئی ہے۔ ایرا میں بھرتی مریضوں کی شرح اموات صرف 39.1 فیصد رہی ہے جو دیگر اسپتالوں کے ساتھ ملک اور ریاست کے شرح اموات سے کافی کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن مریضوں کو ہم نہیں بچا پائے اور بزرگ تھے اور دیگر بیماریوں سے بھی متاثر تھے۔
انہیں کافی سنگین حالت میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرا انتظامیہ نے لاشوں کو اپنی گاڑی سے شمشان یا قبرستان بھیجنے کا کام کیا ہے۔ ہم نے اس کے لئے خصوصی ایمبولینس تیار کی ہے۔ ہم ہر سطح پر سماج کے ساتھ ہیں۔ ریاست میں سب سے زیادہ کورونا کے مریضوں کا علاج ہم نے کیا ہے ہم ہر سطح کے متاثرہ مریض کا علاج بلا کسی تفریق کے کر رہے ہیں۔ ایرا میڈیکل کالج کے تربیت یافتہ اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم دن رات مریضوں کے علاج میں مصروف ہے۔
دیگر اضلاع سے بھی کیس ریفر ہو کر سی ایم او کے ذریعہ ایرا آرہے ہیں۔ ایرا لیول-3 کا کووڈ اسپتال ہے جس نے بڑی تعداد میں کورونا مریضوں کا کامیاب علاج کر کے ریاست میں اپنی شناخت قائم کی ہے۔ پرنسپل ڈاکٹر ایم ایم اے فریدی نے بتایا کہ مریضوں کے علاج میں تربیت یافتہ اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم لگی ہوئی ہےمریضوں کیلئے مقوی غذا کے ساتھ روزانہ اخبار اور ٹی وی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔