لکھنؤ: راجدھانی لکھنؤ کے لوک بھون کے سامنے بیٹی کے ساتھ خودسوزی کرنے والی عورت صافیہ کی دوران علاج موت ہو گئی اس کی بیٹی گُڑیا کا علاج اب بھی سول اسپتال میں جاری ہے۔ امیٹھی کی رہنے والی ماں بیٹی نے نالی کے تنازعہ میں انصاف نہ ملنے سے پریشان ہو کر خودسوزی کی کوشش کی تھی جس میں ماں صافیہ 80 فیصد سےزیادہ جل گئی تھی جبکہ بیٹی گُڑیا تقریباً20فیصد جلی ہے۔
پولیس کے مطابق ماں بیٹی امیٹھی کے جامو تھانہ حلقہ کے قصبہ کی رہنے والی ہیں۔در اصل 9مئی کو گڑیا کا اپنے پڑوسی ارجن ساہو سے نالی کے سلسلہ میں تنازعہ ہوا تھا اور گڑیا کی تحریر پر جامو تھانہ میں ارجن ساہو سمیت چار لوگوں کے خلاف دفعہ323، 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہیں مخالف فریق ارجن ساہو کی تحریر پر گڑیا پر بھی دفعہ 323، 425،308 میں مقدمہ درج کر کے معاملہ کی جانچ ہو رہی تھی۔ کارروائی نہ ہونے پر 17جولائی کو ماں بیٹی وزیر اعلیٰ سے انصاف کی اپیل کرنے لکھنؤ پہنچی تھیں۔ یہاں پر لوک بھون کے سامنے انہوں نے خود کو آگ کے حوالے کر دیاتھا۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ نالی تنازعہ میں انصاف کیلئے لوک بھون کے سامنے خودسوزی کیلئے ورغلایا گیا تھا۔ پولیس نے اصل ملزم ارجن ساہو سمیت سبھی چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس اے آئی ایم آئی ایم و کانگریس رہنما سمیت چارلوگوں کے خلاف خودسوزی کیلئے اُکسانے کے معاملے میں کیس درج کر تے ہوئے مفرور ملزمین کی تلاش میں مصروف ہو گئی ہے۔وہیں دوسری جانب امیٹھی پہنچی ماںکی لاش کو اس کی بیٹی نے تدفین سے منع کر دیا ہے اس کا مطالبہ تھا کہ پہلے ایس پی و اے ایس پی پر قتل کا معاملہ درج کیا جائےاس کے بعد ماں کی لاش کی تدفین کی جائے گی۔ موقع پر کثیر تعداد میں فورس تعینات ہے۔