لکھنؤ: سروجنی نگر پولیس اور سائبر کرائم سیل کی مشترکہ ٹیم نے دھوکہ دہی کرکے روپئے ہڑپنے کے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم اے ٹی ایم بوتھ کے باہر کھڑے ہوکر مدد کا جھانسہ دے کر لوگوںکا کارڈ بدل لیتےتھے۔ اسکےبعد ان کے کھاتے سے کثیر رقم نکال لیتے تھے۔ گرفتار ملزمین کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
انسپکٹر سروجنی نگر آنند کمار شاہی کے مطابق پولیس ٹیم نے اسکوٹر انڈیا چوراہا کےپاس سے تینوں جعلساز کو پکڑلیا۔ پکڑے گئے ملزموںنے اپنا نام ادے پور جیٹھ وارا پرتاپ گڑھ ضلع کا رہنے والا محمد صدام، رائے بریلی کے بھگوتی پور ساکن دیش راج یادو اور مانڈا پریاگ راج ساکن وجے دیویدی بتایا ہے۔
ملزموں کے پاس سے الگ الگ بینکوں کے ۲۱ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سونے جیسی دو زنجیر، تین موبائل فون اور ایک کار برآمد ہوئی ہے ۔ پوچھ گچھ میں ملزمین نے بتایاکہ وہ الگ الگ بینکوںکے اے ٹی ایم بوتھ کےباہر کھڑے رہتے تھے۔ اس دوران روپئے نکالنے کے لئے آنے والے لوگوںپر نظر رکھتے تھے۔
لائن میں لگاکر ایسے لوگوںکو نشانہ بناتے تھے جسے اے ٹی ایم سے روپئے نکالنے میں دقت ہوتی تھی۔ اس کےبعد مدد کی یقین دہانی کراکر اس شخص کا کارڈ بدل کر فرار ہوجاتے تھے۔ فی الحال گرفتار ملزمین کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہے۔