سیتاپور: گریک گنج میں ہاٹ اسپاٹ کے اعلان ہونے کے بعد پورا علاقہ سیل ہوگیا تھا۔ جس سے اس علاقے میں آنے والی دوا کی دکانیں بھی بند ہوگئی تھیں۔ دوا کی دکانیں بند ہونے سے ضلع میں دوا کی سپلائی کی چین پر اثر پڑ رہا تھا اور دوا لینے آ رہے مریضوں کو بیرنگ واپس لوٹا جا رہا تھا۔
جس سے انہیں کافی مشکلیں اٹھانی پڑ رہی تھیں۔ اس مسئلہ کو ’آگ‘ اخبار نے اہمیت کے ساتھ شائع کیا تھا، جس کا ضلع مجسٹریٹ سیتاپور اکھلیش تیواری نے علم میں لیا اور گریک گنج علاقہ کی سبھی تھوک اور میڈیکل دکانوں کو دواؤں کی فروخت ہوم ڈلیوری کے ذریعہ کرنے کی اجازت فراہم کی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ اکھلیش تیواری کی ہدایت پر ایس ڈی ایم صدر امت بھٹ نے دوا فروخت کرنے والوں کو دوا تقسیم کیلئے پاس جاری کئے حالانکہ علاقے میں لگے پولیس ملازمین کو دوا فروخت کی اجازت کی اطلاع نہیں مل پائی جس سے دکان کھولنے پہنچے دکانداروں کی پولیس ملازمین سے نوک جھونک بھی ہوئی، جمعرات کو دوا لینے پہنچے لوگوں کو دوا تو نہیں مل پائی لیکن وہ اس امید کے ساتھ واپس لوٹے کہ کل سے دوائیں ملنے لگیں گی۔