لکھنؤ: مجلس علمائے ہندکے جنرل سکریٹری اور امام جمعہ مولانا سید کلب جوادلکھنؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ گوگل اور ایپل کے عالمی نقشہ سے فلسطین کو ہٹانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گوگل اور ایپل کا یہ قدم امریکہ-اسرائیل کو خوش کرنے کیلئے ہے۔
مولانا نے کہا کہ گوگل اور ایپل کا امریکہ- اسرائیل کی چاپلوسی میں اٹھایا گیا یہ قدم فلسطین کے عوام کے بنیادی حقوق پرحملہ ہے۔ تنظیم کے عہدیداروں اور اراکین نے گوگل و ایپل کے اس قدم کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مولانا سید کلب جوادنقوی نے گوگل اور ایپل کے اس رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس سے واضح ہوتا ہےکہ گوگل اور ایپل جیسی کمپنیاںبھی امریکہ و اسرائیل کو خوش کرنے کیلئے ایسے قدم اٹھاتی ہیں۔
فلسطین کو دنیا کے نقشہ سے ہٹانا اس کے عوام کے بنیادی حقوق اور آزادی پر حملہ ہے۔ مولانا نے کہاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ڈیل آف دی سنچری اسکیم کو نافذکرنے کیلئے اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ایسی قابل مذمت کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن فلسطینی عوام کی مخالفت اور ایران جیسے ممالک کی مداخلت نے اس منصوبہ کوناکام کر دیاہے ۔ گوگل اور ایپل کی یہ کوشش ڈیل آف دی سنچری منصوبہ کا حصہ ہے جس کی وسیع پیمانے پر مذمت ہونا چاہئے۔
مولانا نے کہاکہ اسلامی دنیا کی خاموشی اور منافقانہ رویہ فلسطین کی آزادی اور بنیادی حقوق کی حصولیابی میںبڑی رکاوٹ ہے۔ مسلمانوں کو سعودی عرب اور اس کے معاون ممالک کو حقیقت سمجھنا چاہئے اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرنے کیلئے سعودی عرب جیسے ممالک کا پوری طرح سے بائیکاٹ کرنا چاہئے۔
اسرائیل، فلسطینی زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے جس کیلئے امریکہ اس کی پوری طرح حمایت کررہاہے اس لئے عام مسلمانوںکو عالمی میڈیا میں متحدہوناچاہئے اور اس سلسلہ میں اقوام متحدہ کو زیادہ سے زیادہ خط لکھیں تاکہ امریکہ-اسرائیل کا منصوبہ ناکام ہو۔