گورکھپور : گورکھپور سے ممبئی کیلئے دوسری پرواز جمعہ سے پھر شروع ہوگئی ہے ،پہلے دن ۱۲۰ مسافروںنے سفر کیا، وہیں جمعہ سے ہی کولکاتا کیلئے روزانہ فلائٹ ہوگئی ہے۔جہاز کمپنی انڈیگو نے ممبئی کی دوسری پروازکی خدمات۱۳؍جولائی سے ہی شروع کردی تھی۔
لیکن تکنیکی وجوہ سے دودن بند ہوگئی ،اب کمپنی نے پھر سے یہ پرواز شروع کی ہے۔ایئر پورٹ ڈائریکٹر اے کے دویدی نے بتایاکہ ہفتہ میں تین دن دشنبہ،بدھ اور جمعہ کو ممبئی کیلئے انڈیگو کی پرواز ہوگی۔ادھر گورکھپور سے کولکاتا اور پریاگ راج کیلئے انڈیگو کی پرواز سنیچر سے روزانہ ہوگی۔ پہلے یہ ہفتہ میں چار دن ہی پرواز کررہی تھی۔
اسپائس جیٹ کا ۱۸۰ سیٹر جہاز گورکھپور سے ممبئی کیلئے روزانہ پرواز کرتاہے۔انڈیگو بھی طویل عرصہ سے ممبئی کےلئے خدمات شروع کرنے کی کوشش میں تھی،لیکن ممبئی ایئر پورٹ پرسلاٹ خالی نہ ہونے سے پرواز کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔لاک ڈاؤن کے بعد انڈیگو نے دہلی،حیدرآباد، پریاگ راج،کولکاتا کے ساتھ ہی ممبئی کیلئے پرواز شروع کرنے کی تجویز تیار کی تھی۔ انڈیگو کی ممبئی کی فلائٹ شروع ہوجانے کے بعدگورکھپور سے فلائٹ کی تعداد ۹ہوگئی ہے،اس میں چار دہلی، دوممبئی ، ایک کولکاتا اور ایک پریاگ راج اور ایک حیدر آباد کی پروازیں شامل ہیں۔واضح ہوکہ انڈیگو کمپنی بھی کافی عرصہ سے ممبئی کےلئے خدمات شروع کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی تھی، لیکن ممبئی ایئر پورٹ پر جگہ خالی نہ ہونے کی وجہ سے پروازکی اجازت نہیں مل رہی تھی،لاک ڈاؤن کے بعد اجازت ملنے پر پرواز شروع کی جائے گی۔