لکھنؤ : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ریاست کے نظم و نسق کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھا ہے۔ خط میں انہوں نے ریاست میں مسلسل بڑھ رہی اغوا کی واردات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ریاست کی عوام پریشان ہے۔ خط میں انہوں نے ریاست کے وزیر اعلیٰ سے نظم و نسق درست کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھے خط میں کانگریس جنرل سکریٹری نے کانپور ، گونڈہ اور گورکھپور کی واردات کا ذکر کیاہے۔ جہاں گذشتہ دنوں اغوا کی واردات ہوئی تھی۔ انہوں نے غازی آباد میں تقریباً ایک مہینے سے گمشدہ تاجر وکرم تیاگی کے متاثرہ کنبے کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے لکھا کہ ان کی متاثرہ کنبہ سے بات ہوئی ہے۔
کنبہ کو اندیشہ ہے کہ ان کا اغوا ہوگیاہےاور بار بار اپیل کے بعد بھی پولیس-انتظامیہ کی طرف سے کوئی ٹھوس ایکشن نہیں ہور ہاہے۔ انہوں نے لکھا دو دن قبل کانگریس کے نمائندہ وفد نے متاثرہ افراد سے ملاقات کی وہ بہت فکر مند اور پریشان ہیں۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے اپنے خط میں متاثرہ افراد کی مدد کرنے اور پولیس افسران کو سختی سے ان کی پوری طرح سے مدد کرنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے اپنے خط میں لکھا کہ ریاست میں اغوا کی واردات بڑھ رہی ہے اور نظم و نسق بگڑتا جا رہاہے۔ اس وقت ان معاملوں میں پولیس انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ پوری مستعدی سے کارروائی کرے۔