لکھنؤ : آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے ترجمان مولانا یعسوب عباس نے غازی آباد کے لونی رکن اسمبلی نند کشور گوجر کے بقرعید کے سلسلے میں دیئے گئے متنازعہ بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتےہوئے ریاستی حکومت سے رکن اسمبلی کے خلاف فوراً سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ لونی رکن اسمبلی نند کشور گوجر نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلمان بکری کی جگہ اپنے بچوں کی قربانی کریں۔
مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ لونی رکن اسمبلی کو سوچنا چاہئے کہ وہ عوام کی جانب سے منتخب نمائندہ ہیں۔ انہیں یہ علم نہیں ہے کہ قربانی کیوں دی جاتی ہے اور قربانی کا کیا مطلب ہے۔
ہر مذہب و ذات میں قربانی دی جاتی ہے۔ ہندو مذہب میں بھی بکروں اور دیگر جانوروں کی قربانی دینے کی روایت صدیوں سے ہے۔ مولانا نے کہا کہ لونی رکن اسمبلی نے ایسا قابل اعتراض بیان دے کر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ساتھ ہی انہیں ڈرانے – دھمکانےکی کوشش کی ہے۔
مولانا نے کہا کہ رکن اسمبلی سمجھ لیں کہ ہم اللہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے ۔ ہندو- مسلمان ہندوستان کی دو آنکھیں جس سے ہمارا ملک باہمی خیر سگالی اور یک جہتی کیلئے جاناجاتاہے۔مولانانے ریاستی حکومت سے ملک و ریاست کی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کا کام کرنے والے رکن اسمبلی کے خلاف فوراً سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔