حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات آج ادا کیا جا رہا ہے، مناسکِ حج کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ایک بیان میں سعودی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران کوئی بھی حاجی کورونا سے متاثر نہیں پایا گیا۔کورونا، تاریخ میں پہلی مرتبہ عازمین حج کیلئے صرف ایک میقات مقرر
مکہ مکرمہ کے گورنر کا اس حوالے سے ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس سال محدود حج کے باوجود مختلف محکموں کے 40 ہزار اہلکار عازمین کی خدمت پر مامور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ زائرین کے لیے خصوصی ایئر پورٹ بنانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے، یہ خصوصی ایئر پورٹ مکہ مکرمہ کے الفیصلیہ محلے میں قائم کیا جائے گا۔
گورنر مکہ مکرمہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ نیا قائم کیا جانے والا خصوصی ایئر پورٹ میدانِ عرفات سے قریب ہو گا۔
ادھر مشیرِ مشاعرِ مقدسہ پروجیکٹس نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کا دورہ کیا اور حج کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس سال حج کے موقع پر شیطان کو کنکریاں مارنے کا رکن زمینی اور تیسری منزل سے کرایا جائے گا، دونوں منزلوں پر شیطان کو کنکریاں مارنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
حاجیوں کو رہائش سے جمرات کے پل تک لانے کے لیے گالف کی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
جمرات کی رمی کے وقت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے علامتیں چسپاں کی گئی ہیں، حاجیوں کو گروپوں میں خاص روٹس سے بھیجا جائے گا۔
موسم خوش گوار بنانے اور سڑکوں کا درجۂ حرارت کم کرنے کے لیے ٹھنڈے پانی کی پھوار کا انتظام کیا گیا ہے۔