نئی دہلی؛ دہلی میں ان لاک -3 کی کچھ رعایتوں کے تعلق سے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل اور وزیراعلیٰ اروندکیجریوال ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگیے ہیں۔مسٹر بیجل نے جمعہ کو مسٹر کیجریوال کے اَن لاک-3 کے دو اہم فیصلوں کے طور پر ہوٹلوں کو کھولنے اور ہفتہ وار بازار لگانے کے فیصلے خارج کر دیے ہیں۔
کیجریوال حکومت نے دہلی میں ہوٹل کھولنے اور بطور ٹرائل ایک ہفتہ کے لیے ہفتہ وار بازار کھولنے کی اجازت دی تھی۔مسٹر بیجل نے کیجریوال حکومت کے دونوں فیصلوں کو خارج کردیا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے جمعرات کویکم اگست سے شروع ہورہے ان لاک-3 میں شب کے کرفیو کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس کے ساتھ ہوٹلوں کو کھولنے کی بھی اجازت دی گئی تھی۔اس سےقبل مرکزی حکومت کی اجازت کے باوجود کیجریوال حکومت نے ان کو کھولنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
لیفٹیننٹ گورنرکے فیصلہ پرعام آدمی پارٹی ترجمان راگھو چڈھا نے کہا کہ اب مرکزی حکومت دہلی حکومت کے اختیار میں دخل دینا بند کرے۔انہوں نے کہا،’’مرکز کو دہلی حکومت کوتکلیف دے کرخوشی کا احساس ہوتا ہے۔منتخب کردہ دہلی حکومت کے کام میں دخل دینا بند کرے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے کیجریوال حکومت کے کسی فیصلے کو خارج کیا ہو۔اس سے قبل مسٹر بیجل نے اس فیصلہ کو خارج کیا تھا،جس میں دہلی حکومت کے اسپتالوں میں صرف دہلی کے کورونا مریضوں کاعلاج ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر ذرائع نے فیصلہ کو خارج کرنے کے پیچھے بتایا کہ دہلی میں کورونا کے ابھی بھی ایک ہزار سے زائد معاملے روز آرہے ہیں۔یہاں کورونا وائرس کاانفکشن کم ضرور ہوا ہے،ختم نہیں ہوا۔اسے دیکھتے ہوئے ہوٹلوں اور ہفتہ وار بازاروں کو کھولنے کا جوکھم نہیں اٹھایا جاسکتا ہے۔
دہلی میں آج کورونا کے 1195 نئے معاملے سامنے آئے اور مجموعی تعداد 135598 پر پہنچ گئی۔اس دوران مزید 27 مریضوں کی موت ہوجانے سے اس کی تعداد 3963 پر پہنچ گئی ہے۔