ممبئی ، 4 اگست (یو این آئی) ملک میں ڈیری انڈسٹری کے رہنما امول نے کورونا کو شکست دینے والے اس صدی کے سپراسٹار امیتابھ بچن کا گھر واپسی پر انوکھے انداز میں خیرمقدم کیا ہے۔
بگ بی کورونا انفیکشن ہونے پر 11 جولائی کو ناناوتی اسپتال میں داخل ہوئے تھے ا اور 22 دن بعد 2 اگست کو انہیں فارغ کردیا گیا تھا۔ فی الحال 77 سالہ سپر اسٹار اس وقت گھر پر روبصحت ہو رہے ہیں۔
اسپتال میں علاج کے دوران امیتابھ سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ مسلسل وابستہ رہے۔ اپنے کورونا کے بارے میں ٹویٹر پر خود جانکاری دینے والے امیتابھ بچن نے ان کے اور کنبہ کے تیئں دعاؤں کے لئے مداحوں کا بار بار شکریہ ادا کیا ہے۔ میگااسٹار کی اہلیہ جیا بچن کو چھوڑ کرکنبہ کے دیگر افراد کورونا سے متاثر ہوگئے تھے۔ امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن ابھی بھی ناناوتی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
امول نے کورونا کوشکست دینے والے امیتابھ بچن کا مختلف اندازمیں کامک پوسٹر کے ذریعے خیرمقدم کیا ہے جسے بگ بی نے اسے ٹویٹر اور انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔
امیتابھ کے صحت یاب ہونے کے بعد گھر واپسی پر امول کے جاری اس کامک پوسٹر میں بگ بی صوفے پر بیٹھ کر موبائل دیکھ رہے ہیں۔ان کے پاس ایک پیاری سی امول گرل بھی بیٹھی ہوئی ہے۔ تصویر میں پرکشش تو وہ جگہ ہے جہاں لکھا ہوا ہے ’ اے بی بیٹس سی‘۔
اس پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے سپر اسٹار نے لکھا ’’ شکریہ امول، ہمیشہ اپنے حیرت انگیز اور مختلف پوسٹر مہموں میں میرے بارے میں سوچنے کے لئے۔ برسوں سے ’امول‘ نےسراہا ہے مجھے، ایک معمولی شخصیت کو ’امولیہ‘ بنادیا تم نے‘‘۔ پوسٹر پر انگریزی میں لکھا ہے ’’ہوم کمنگ گفٹس (گھر واپسی تحفہ)‘‘۔