احمد آباد، 6 اگست (یو این آئی) گجرات کے احمد آباد کے پرائیویٹ اسپتال میں آج صبح سویرے آتشزدگی کے بعد تین خواتین سمیت کم از کم آٹھ کورونا مریضوں کی دردناک موت ہوگئی۔
نائب وزیراعلی اور وزیر صحت نتن پٹیل نے بتایا کہ صبح نو بجے کے قریب نورنگ پورہ کے علاقے میں واقع شریئے اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں جیسے حکومت نے کورونا کے علاج کے لئے وقف کیا تھا، اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
اس واقعے میں علاج کے لئے داخل ہونے والے آٹھ کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران ایک طبی کارکن بھی زخمی ہوگیا۔ آگ لگنے کی وجہ اور پورے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
نئی دہلی وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی صبح گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک اسپتال میں آتشزدگی کے ایک دردناک واقعہ میں لوگوں کی ہلاکت پر غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔