لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ حضرت گنج میں واقع کپڑا شوروم مالک کے خلاف دہلی میں درج عصمت دری کی رپورٹ کے بعد گرفتاری نہ کئے جانے سے ناراض کچھ سماجی تنظیموں کے افراد نے آج پھر تاجر کی دکان کے باہر مظاہرہ کیا۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لوگوں کو سمجھا بجھاکر کسی طرح خاموش کرایا۔ حضرت گنج میں واقع ایک ریڈی میڈ کپڑے کے شوروم مالک کے خلاف گزشتہ انیس فروری کو دہلی کے چانکیا پوری تھانہ میں عصمت ریزی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ عصمت ریزی کی رپورٹ تاجر کی شناسہ ایک طالبہ نے درج کرائی تھی۔ کاروباری پر الزام تھا کہ اس نے طالبہ کو ہوٹل میں بلاکر اس کی عصمت ریزی کی۔ کاروباری کے خلاف د
ہلی میں رپورٹ درج ہونے کے بعد دہلی پولیس اس کی گرفتاری کیلئے لکھنؤ آئی لیکن تاجر نہ مل سکا۔ اس کے بعد دہلی پولیس نے تاجر کی گرفتاری کا وارنٹ علی گنج پولیس کو دے دیا تھا لیکن اب تک اس کی گرفتاری نہ ہونے سے ناراض کچھ سماجی تنظیموں کے افراد نے آج دوپہر شوروم کے باہر اس کی گرفتاری کے مطالبہ پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کی اطلاع ملتے ہی حضرت گنج پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے لوگوں کو سمجھا بجھاکر خاموش کر دیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کچھ لوگ اس تاجر کی دکان کے باہر مظاہرہ کر چکے ہیں۔