کولمبو، 7 اگست (یو این آئي) سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجپکشے کی زیرقیادت سری لنکا پڈوجانا پیرامونا (ایس ایل پی پی) نے پارلیمانی انتخابات میں زبردست فتح حاصل کی۔
ملک میں 225 نشستوں کے لئے ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ایس ایل پی پی نے 145 نشستوں پر جیت درج کرکے دو تہائی اکثریت حاصل کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری انتخابی نتائج کے اعداد و شمار کے مطابق ساجت پریمداسا کی زیرقیادت سماگی جن بلاوگایہ (ایس جے بی) کو 54 نشستیں ملی ہیں، جبکہ تامل سیاسی پارٹی ایٹاک کو 10 سیٹیں ملی ہیں۔
انتخابی نتائج میں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ سابق وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے کی یونائیٹڈ نیشنل پارٹی (یو این پی) کو ایک بھی نشست نہیں ملی ہے۔ یو این پی ملک کی قدیم ترین سیاسی جماعتوں میں سے ایک ہے۔
نتائج کے مطابق ایس ایل پی پی نے 59.09 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ایس جے بی کو 23.90 فیصد ووٹ ملے ہیں۔
مسٹر راجپکشے اتوار کے روز وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لے سکتے ہیں، جبکہ آئندہ ہفتے نئی کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ ملک کے آئین کے تحت کابینہ میں 30 وزراء کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
مسٹر راجپکشے نے ٹوئیٹ کرکے ووٹروں کو اس جیت کے لیے مبارکباد دی ہے اور صدر جمہوریہ گوٹابیا راجپکشے پر اور خود پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔