ترواننت پورم : کیرالہ کے وزیراعلی پنارئی وجین نے جمعہ کی رات کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے فون پر مجھ سے بات چیت کی اور کریپور میں کوزی کوڈ بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر ہوئے طیارہ حادثہ کے بارے میں معلوم کیا.
وجین نے اس حادثہ پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مسٹر مودی کو بتایا کہ کوزی کوڈ اور ملپورم کے ضلع کلکٹروں سمیت حکام کی ایک ٹیم راحت و بچاو کے لئے جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ایجنسیوں کو تمام سہولیات کا استعمال کرتے ہوئے راحت و بچاو کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیراعلی وجین نے بتایا کہ مقامی بلدیاتی وزیر اے سی معی الدین کو راحت و بچاو کاموں میں تال میل کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مسٹر معی الدین تھرسور سے کریپور کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کو راحت و بچاو کاموں کی نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ضلع کی فائر بریگیڈ اور راحت و بچاو ٹیمیں زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے کام میں مصروف ہیں۔ صحت حکام کو متاثرین کی زندگی بچانے کے لئے ہر ممکن طبی مدد فراہم کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔